پہلے مرحلہ کی کونسلنگ 30 اگسٹ تک مکمل کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔ فنی تعلیم کورسس میں داخلہ کیلئے تعلیمی سال کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آل انڈیا کونسل برائے فنی تعلیم کے اعلامیہ کے مطابق کورونا وباء کے سبب ملک میں فنی تعلیم سے متعلق کورسس کے تعلیمی سال میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تفصیلات میں واضح کیا گیا کہ پہلے مرحلہ کی کونسلنگ اور داخلوں کا عمل 30 اگسٹ سے قبل مکمل کرلیا جائے گا اور دوسرے مرحلہ کی کونسلنگ 10 ستمبر سے قبل مکمل کرلی جائیگی۔موجودہ طلبہ کی کلاسس اور تعلیم کا سلسلہ 16 اگسٹ سے شروع کیا جائے گا اور 15 ستمبر تک تمام کالجس کو اپنے کالجس میں نشستوں کے پر ہونے اور مخلوعہ نشستوں کی تفصیلات پیش کرنی ہوں گی۔کسی بھی کورس کے سال اول میں زیر تعلیم طلبہ کے سال دوم میں جانے کے بعد تعلیم کا سلسلہ 15 ستمبر سے شروع کیا جائے گا۔ تعلیمی کیلنڈر ٰ داخلوں کے تواریخ میں تبدیلی کے بعد یہ بات ابھی واضح نہیں ہوئی ہے کہ تعلیمی سال 2020-21 کے سالانہ امتحانات کیسے اور کب منعقد کئے جائیں گے اور نتائج کا کب اعلان کیا جائے گا اور کب تعلیم مکمل ہوگی۔تعلیمی سال کی تبدیلی کے بعد پروفیشنل کالجس انتظامیہ کو نئے طلبہ کے داخلوں کیلئے مزید انتظار کرنا پڑیگا اور داخلوں کے آغاز کے ساتھ کیا صورتحال ہوگی اس کا کسی کو اندازہ نہیں ہے اور نہ یہ بات واضح ہورہی ہے کہ تعلیمی سال کتنے ماہ پر مشتمل ہوگا اور کتنے سیمیسٹر امتحانات کا اس میں انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔