فواد عالم کی ریکارڈ سنچری ،پاکستان کو 88 رنز کی سبقت

   

کراچی ۔ پاکستانی مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے ٹیم کی ڈوبتی بیٹنگ کو بچاتے ہوئے جنوبی افریقہ کے خلاف مشکل حالات میں سنچری اسکور کی۔ پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے 308/8 رنز اسکور کرلئے ہیں اور اسے افریقہ پر 88 رنز کی سبقت حاصل ہوئی ہے ۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف جاری سیریز کے پہلے ٹسٹ میچ کے دوران فواد عالم نے چھکا لگا کر اپنی سنچری بنائی ۔ جنوبی افریقہ کے پہلی اننگز کے اسکور 220 کے جواب میں پاکستانی ٹیم 27 کے مجموعی اسکور پر ہی 4 کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی تھی۔ ایسے میں فواد عالم سابق کپتان اظہر علی کے ساتھ اہم 94 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔اظہر علی کے بعد انھوں نے پہلے محمد رضوان کے ساتھ 55 رنز کی شراکت بنائی اور پھر فہیم اشرف کے ساتھ انھوں نے سنچری پارٹنرشپ بنائی۔ فواد عالم نے چھکا لگا کر اپنی سنچری بنائی اور اپنے روایتی انداز خوشی بھی منائی، یہ فواد کی تیسری اور اپنے ہوم گراؤنڈ میں پہلی ٹسٹ سنچری ہے۔ یہ فواد عالم کی پاکستانی سرزمین پر پہلی اننگز اور پہلی ہی ٹسٹ سنچری ہے۔ اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کے میدان پر وہ دس فرسٹ کلاس سنچریاں بناچکے ہیں۔ اس اسٹیڈیم پر ان کی گیارہویں اورکیرئیر کی 38ویں فرسٹ کلاس سنچری ہے۔یہاں ایک دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ فواد عالم کے کیریر میں ایک بھی نصف سنچری نہیں ہے اور وہ پہلے پاکستانی بیٹسمین ہیں جنہوں نے اپنی تینوں ابتدائی نصف سنچریوںکو سنچریوں میں تبدیل کیا۔