نئی دہلی، 30 مئی (یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں کی طرف سے فوج کی مسلسل توہین کے خلاف یوتھ کانگریس نے جمعہ کو یہاں احتجاج کیا اور کہا کہ اگر بی جے پی فوج کے بہادر سپاہیوں کی توہین کرنے والے اپنے لیڈروں کے خلاف کارروائی نہیں کرتی ہے تو یوتھ کانگریس بی جے پی لیڈروں کے خلاف احتجاج جاری رکھے گی۔یوتھ کانگریس کے ترجمان ورون پانڈے نے کہا کہ نوجوان کارکنوں نے بی جے پی لیڈروں کے بیانات کے خلاف رائسینا روڈ پر تنظیم کے دفتر سے احتجاج شروع کیا، لیکن پولیس فورس کی بھاری تعیناتی اور بھاری رکاوٹوں کی وجہ سے مشتعل مظاہرین کو آگے بڑھنے نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کارکن آگے بڑھ رہے تھے جب دہلی پولیس نے انہیں روک دیا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے خلاف تازہ ترین بیان بی جے پی ایم ایل اے رنبیر پٹھانیا کا ہے جو انہوں نے ادھم پور میں دیا تھا۔ یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے احتجاج کے دوران پٹھانیا کا پتلا جلایا۔یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چِب نے کہا کہ بی جے پی ایم ایل اے رنبیر پٹھانیا کا بیان فوج کی سیدھی توہین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں میں فوج کی توہین کرنے کا مقابلہ ہے ۔ پہلے وجے شاہ نے یہ کیا، پھر دیورا اور اب پٹھانیا فوج کی توہین کر رہے ہیں لیکن وزیر اعظم نریندر مودی اس پر خاموش ہیں۔