فورڈ: ہند۔امریکہ میں ملازمتوں کے ہزاروں مواقع ختم

   

واشنگٹن : امریکی کار ساز کمپنی فورڈ اپنے ہاں لاگت میں کمی اور پیداواری طریقہ کار آسان بنانے کے مقصد کے تحت ہندوستان اور امریکہ میں اپنے تین ہزار کارکن فارغ کر دے گی۔ فورڈ نے الیکٹرک کاروں پر زیادہ توجہ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔فورڈ کمپنی نے پیر کے روز ایک ای میل کے ذریعے اعلان کیا کہ کمپنی کے دو ہزار کل وقتی کارکنوں کے علاوہ محدود مدت کے معاہدوں پر کام کرنے والے ایک ہزار ملازمین بھی فارغ کر دیے جائیں گے۔ جو ملازمین اپنے روزگار سے محروم ہو جائیں گے، ان میں سے بیشتر ہندوستان، امریکہ اور کینیڈا میں اس ادارے کے لیے کام کرتے ہیں۔کمپنی کے ایک ترجمان نے کہا کہ جن افراد کو ملازمت سے نکالا جائے گا، ان میں بیشتر دفتری اور انتظامی امور سے وابستہ ہیں جبکہ فیکٹریوں میں کام کرنے والے ملازمین پر اس فیصلے کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔