نئی دہلی: فولاد اور بھاری صنعت کے مرکزی وزیر ایچ ڈی کمارسوامی 6 جنوری کو مولانا آزاد روڈ، نئی دہلی کے وگیان بھون کے ہال نمبر 1 میں منعقدہونے والی ایک تقریب کے دوران فولاد کی صنعت کے لیے پروڈکشن -لنکڈ انسینٹیوز (پی ایل آئی) 1.1 اسکیم کا آغاز کریں گے اور درخواستیں طلب کریں گے ۔پروڈکشن-لنکڈ انسینٹیوز یعنی پیداوار سے منسلک مراعاتی اسکیم (پی ایل آئی)کے تصور کو 2020 کے عالمی لاک ڈاؤن کے دوران وضع کیا گیا تھا، جس میں گھریلو مال سازی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر یہ اسکیم تین شعبوں کے لیے شروع کی گئی تھی، لیکن بعد میں نومبر 2020 میں اسے اسٹیل کے شعبے تک بھی توسیع دی گئی۔فولاد کی وزارت کی پی ایل آئی اسکیم نے 27,106 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی، 14,760 افراد کو براہ راست روزگار اور اسکیم میں شناخت شدہ 7.90 ملین ٹن ‘خصوصی اسٹیل’کی پیداوار کا تخمینہ فراہم کیا ہے ۔ نومبر 2024 تک، کمپنیوں نے پہلے ہی 18,300 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے اور 8,660 سے زیادہ افراد کو روزگار دیا ہے ۔