فون ٹیاپنگ اسکام‘ پربھاکر راؤ کی تحویل میں 25 ڈسمبر تک توسیع

   

Ferty9 Clinic

سپریم کورٹ کے احکامات ، تحقیقات میں تعاون کرنے سابق پولیس عہدیدار کو عدالت کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 19۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے فون ٹیاپنگ معاملہ کے اہم ملزم پربھاکر راؤ کی پولیس تحویل میں 25 ڈسمبر تک توسیع کی ہے۔ سپریم کورٹ میں پربھاکر راؤ کو 26 ڈسمبر کو رہا کرنے کی ہدایت دی۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے 18 ڈسمبر کو پربھاکر راؤ کی تحویل کے اختتام پر سپریم کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے توسیع کی درخواست کی۔ سپریم کورٹ نے سماعت کے بعد 25 ڈسمبر تک توسیع کی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے فون ٹیاپنگ اسکام کی تحقیقات میں تیزی پیدا کرتے ہوئے کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار کی قیادت میں ایک علحدہ خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔ پربھاکر راؤ پر الزام ہے کہ وہ تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی منظوری کے بعد پربھاکر راؤ امریکہ سے واپس ہوئے اور ایس آئی ٹی کے روبرو پیش ہوئے۔ ایس آئی ٹی نے پربھاکر راؤ کی ضمانت منسوخ کرنے کی در خواست کی تھی جس پر عدالت نے پربھاکر راؤ کو تحقیقاتی ٹیم کے روبرو سرینڈر ہونے کی ہدایت دی تھی۔ سپریم کورٹ نے مزید ایک ہفتہ کی تحویل کی اجازت دیتے ہوئے پربھاکر راؤ کو ہدایت دی کہ وہ تحقیقاتی ٹیم سے تعاون کریں۔ سپریم کورٹ نے گھر سے غذا کی سربراہی اور ادویات حاصل کرنے کی اجازت دی ہے۔ حکومت کی جانب سے ایک اور تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل سے امید کی جارہی ہے کہ تحقیقات میں تیزی پیدا ہوگی۔ پربھاکر راؤ نے سپریم کورٹ کے احکامات پر 12 ڈسمبر کو پولیس کے روبرو سرینڈر کیا تھا۔