فون ٹیاپنگ معاملہ، سربراہ بی آر ایس کے سی آر سے پوچھ تاچھ

,

   

سابق چیف منسٹر کی رہائش گاہ پر 4 گھنٹے 45 منٹ تک تفتیش، کے ٹی آر اور دیگر قائدین کی ملاقات

حیدرآباد۔یکم۔فروری(سیاست نیوز) فون ٹیاپپنگ معاملہ میں تحقیقات کررہی اسپیشل انوسٹیگیشن ٹیم کے اراکین سربراہ بی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے 4گھنٹے 45 منٹ پوچھ تاچھ کے بعد روانہ ہوگئے ۔ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ایس آئی ٹی کی ٹیم نے یکم فروری کو 3 بجے تفتیش کے لئے ان کے مکان نندی نگر پر دستیاب رہنے کی درخواست کی تھی جس پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ 2 بجے کے قریب حیدرآباد بنجارہ ہلز میں واقع اپنے مکان پر پہنچ گئے تھے لیکن ایس آئی ٹی کے عہدیدار 3بجکر 50 منٹ کے قریب ان کے مکان نندی نگر پہنچے جہاں ان کے ساتھ تفتیش کا سلسلہ شروع کیاگیا جو کہ زائد از 4 گھنٹے جاری رہا۔ محکمہ پولیس کے عہدیداروں نے تفتیش کے دوران ہونے والی بات چیت کے متعلق کسی بھی طرح کا انکشاف کرنے سے انکار کردیا جبکہ سابق چیف منسٹر کے مکان کے باہر بھاری پولیس فورس کو تعینات کیاگیا تھا جو کہ تفتیش کے بعد تک بھی موجود رہی ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ان کے مکان پر آمد پر مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے تبادلہ خیال کیا بعد ازاں کچھ دیر کے لئے کے سی آر نے پارٹی کے سرکردہ قائدین سے ملاقات میں مصروف تھے کہ انہیں اس بات کی اطلاع دی گئی کہ ایس آئی ٹی کے عہدیدار پہنچ چکے ہیں۔ایس آئی ٹی کے عہدیداروں نے تنہائی میں ان کے ساتھ کی گئی تفتیش کے دوران فون ٹیاپپنگ سے متعلق متعدد سوالات کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق چیف منسٹر تفتیش کے دوران پوری طرح سے مطمئن تھے اور ایس آئی ٹی میں شامل عہدیداروں کے سوالات کے پرسکون انداز میں جواب دے رہے تھے ۔4گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی تفتیش کے بعد ایس آئی ٹی کے عہدیدار روانہ ہوگئے۔ بتایاجاتاہے کہ بزرگ شہریوں سے کی جانے والی تفتیش کے معاملہ میں موجود قوانین کے مطابق شام 6 بجے کے بعد 65 سال سے زائد عمر کے افراد سے پوچھ گچھ نہیں کی جاسکتی اس پر توجہ دلائے جانے کے بعد بھی رات 8 بجے کے بعد بھی پوچھ تاچھ کا سلسلہ جاری رہا ۔کے سی آر نے تفتیشی عہدیداروں کی روانگی کے بعد اپنے فرزند کے ٹی راما راؤ‘ سابق ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ کے علاوہ جنرل سیکریٹری بی آر ایس مسٹر آر ایس پروین کمار سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے انہیں تفتیش کے دوران پوچھے جانے والی سوالات سے واقف کروایا اور مستقبل کے لائحہ عمل کے متعلق منصوبہ بندی پر زور دینے کے علاوہ ریاست بھر میں آج ہوئے احتجاج کے متعلق تفصیلات دریافت کی ۔ واضح رہے کہ کے سی آر کی ایرا ولی فارم ہاؤز سے واپسی کے دوران پنجہ گٹہ برج پر پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے ان کے قافلہ میں شامل گاڑیوں میں تین گاڑیوں کو راستہ فراہم کرنے کے بعد مابقی گاڑیوں کو رو دیا تاکہ نندی نگر کے قریب کسی بھی طرح کا ہجوم جمع نہ ہونے پائے۔3