فون ٹیاپنگ کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش: مہیش کمار گوڑ

   

کے سی آر اور کے ٹی آر کی اطلاع کے بغیر ممکن نہیں، ما ٹی وی کا راؤنڈ ٹیبل اجلاس
حیدرآباد۔ 29 جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ فون ٹیاپنگ اسکام کے حقائق پیش کرنے پر تلگو نیوز چیانل ما ٹی وی کے دفتر پر بی آر ایس کارکنوں کا حملہ انتہائی بدبختانہ ہے۔ نیوز چیانل کی جانب سے آج راؤنڈ ٹیبل اجلاس منعقد کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، رکن کونسل پروفیسر کودنڈا رام کے علاوہ بائیں بازو جماعتوں اور عوامی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ نیوز چیانل پر حملہ، غنڈہ گردی اور راؤڈی ازم انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں سیاسی فائدہ حاصل کرنے بی آر ایس نے اپوزیشن اور دیگر مخالفین کے ٹیلی فون ٹیاپ کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قائدین، فلمی شخصیتوں، ججس، خاتون آئی اے ایس عہدیداروں حتی کہ خود بی آر ایس کے کئی قائدین کے ٹیلی فون ٹیاپ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ فون ٹیاپنگ معاملہ ملک کی تاریخ کا ایک بدنما داغ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکام میں بی آر ایس قائدین کو بچانے کے لئے ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار پربھاکر راؤ کو امریکہ سے طلب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عہدیداروں کی مدد سے اپوزیشن کی سرگرمیوں پر نظر رکھی گئی۔ فون ٹیاپنگ دراصل انسان کی نجی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پربھاکر راؤ، رادھا کشن راؤ اور دیگر پولیس عہدیدار بھی فون ٹیاپنگ کے لئے ذمہ دار نہیں بلکہ اس وقت کے چیف منسٹر، وزراء، عہدیدار، ڈائرکٹر جنرل پولیس، پرنسپل سکریٹری قانون اور ہوم سکریٹری کو ذمہ داری قبول کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر کی اطلاع کے بغیر فون ٹیاپنگ نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ فلمی شخصیتوں کے فون ٹیاپنگ کے ذریعہ ان کے خاندانوں میں تنازعات پیدا کئے گئے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ فون ٹیاپنگ معاملہ کی جانچ جاری ہے اور جو بھی قصوروار پائے جائیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ 1