لندن ۔7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کے زیادہ تر ممالک میں لاک ڈاون لگایا گیا ہے تاکہ اس وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ اس کے باوجود کچھ لوگ لاک ڈاون کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ انگلینڈ میں بھی اب ایسا ہی ایک معاملہ سامنے آیا ہے ، جس میں مانچیسٹر سٹی کے فٹ بالر کائل واکرکو تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یاد رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے 500 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ دراصل انگلینڈ کے فٹ بالر کائل واکر نے لاک ڈاون کی خلاف ورزی کی تھی۔ دی سن کی رپورٹ کے مطابق اس 29 سالہ کھلاڑی نے گزشتہ ہفتہ اپنے گھر پر تقریب کا انعقاد کیا تھا ، جس میں دوکال گرلس کو بھی بلایا تھا۔ حالانکہ واکر نے سماجی دوری بنائے رکھنے کے سرکاری قوانین کی خلاف کرنے کیلئے اتوار کو معافی مانگی تھی ، لیکن ان کا کلب مانچسٹر سٹی اس سے کافی ناراض ہے۔ کلب نے صاف کہا ہے کہ ہم واکرکے اس رویہ سے انتہائی مایوس ہیں اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ وہیں کائل واکر نے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ ہفتہ میں نے جو کچھ کیا ، اس کیلئے میں عوامی طور پر معافی مانگتا ہوں ، میں سمجھتا ہوں کہ پیشہ ور فٹ بالر کے طور پر ایک رول ماڈل کے طور پر میری کچھ ذمہ داریاں ہیں ، اس لئے میں اپنے افراد خاندان ، دوستوں ، فٹ بال کلب ، حامیوں اور عوام سے معافی مانگتا ہوں۔ رپورٹ کے مطابق ان دو کال گرلس میں سے ایک نے بتایا کہ وہ رات کو تقریبا ساڑھے دس بجے ٹیکسی سے واکر کے گھر پہنچی۔ واکر نے اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کی اور اپنا نام کائی بتایا۔ واکر لاک ڈاون کی خلاف کرنے والے پہلے فٹ بالر نہیں ہیں۔ ان سے پہلے ایسٹن ولا کے کپتان جیک گریلش بھی ایسا کرچکے ہیں۔ جیک کچھ دن پہلے اپنے مداحوں سے گھر پر ہی رہنے کی اپیل کرنے کے بعد سڑک پر پارٹی کرتے نظر آئے تھے۔