ممبئی : مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر فڈنویس کیخلاف مقدمہ درج کرانے والے وکیل اور سماجی کارکن ستیش اوئیکے کے خلاف مکوکا کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں سماجی کارکن اوئیکے کے علاوہ 6 دیگر کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ الزام ہیکہ ان ساتوں نے مل کر زمین کے جعلی دستاویزات بنائے۔ستیش اوئیکے ممبئی کی آرتھر جیل میں بند ہیں۔ اوئیکے نے فڈنویس کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی۔انہوں نے عدالت میں کہا تھا کہ 2014 کے انتخابی حلف نامہ میں فڈنویس نے فوجداری مقدمات کی معلومات چھپائی تھیں۔
اس کے علاوہ اوئیکے نے جسٹس بی ایچ لویا کی پراسرار موت پر شکوک و شبہات پیدا کرتے ہوئے ایس آئی ٹی جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔ سابق جسٹس لویا سہراب الدین شیخ کے فرضی انکاؤنٹر کیس کی سماعت کر رہے تھے۔ موجودہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ بھی اس کیس میں ملزم تھے۔ لویا کی موت ڈسمبر 2014 میں شادی کی تقریب میں شرکت کے دوران ہوئی تھی۔