نئی دہلی: کامرس اینڈ انڈسٹری آرگنائزیشن فکی نے رواں مالی سال میں ملک کی اقتصادی ترقی کے تخمینہ کو پہلے کے 7 فیصد سے گھٹا کر 6.4 فیصد کر دیا ہے ۔جمعرات کو جاری ہونے والے فکی کے اکنامک آؤٹ لک سروے کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 کے لیے ہندوستان کی سالانہ اوسط مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 6.4 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ، جو ستمبر 2024 میں سات فیصد کے تخمینہ کے مقابلے میں کم ہے ۔ گزشتہ مالی سال 2023-24 میں 8.2 فیصد کی ترقی درج کی گئی تھی، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ رواں مالی سال میں معیشت کی رفتار سست ہوسکتی ہے ۔سروے کے مطابق زراعت کا شعبہ (بشمول متعلقہ سرگرمیوں) رواں مالی سال میں 3.6 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گا جبکہ صنعت اور خدمات کے شعبوں میں بالترتیب 6.3 فیصد اور 7.3 فیصد کی شرح سے ترقی متوقع ہے ۔ تہوار کی مانگ، بہتر عوامی سرمائے کے اخراجات اور مانسون کے بعد صنعتی سرگرمیوں میں اضافے سے اقتصادی سرگرمیوں کو مضبوطی ملنے کی امید ہے ۔