ائمہ مساجد ووٹ کی اہمیت سے واقف کرائیں،صدر نشین میناریٹیز ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل کا بیان
حیدرآباد۔/30 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی خصوصی مہم سے استفادہ کرتے ہوئے 3 اور 4 ڈسمبر کو اپنے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کرائیں۔ الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے تحت خصوصی مہم شروع کی ہے جس کے تحت 17 سال مکمل کرنے والے نوجوان بھی اپنے نام کی شمولیت کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ طلبہ اور نوجوانوں میں کانگریس پارٹی شعور بیدار مہم چلا رہی ہے تاکہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ سطح کے کارکنوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں تمام مستحق افراد بالخصوص نوجوانوں کو مہم سے واقف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 سال مکمل کرنے اور 17 سال عمر کے نوجوان بھی اپنے قریبی پولنگ بوتھس پر 3 اور 4 ڈسمبر کو درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ درخواستوں کے ادخال کے سلسلہ میں کانگریس کارکن رہنمائی کریں گے۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ کوئی بھی مستحق شخص نام کی شمولیت سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت میں ووٹ اپنی پسند کے امیدواروں کے انتخاب کا ایک ہتھیار ہے۔ ہر شہری کو چاہیئے کہ وہ حق رائے دہی سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی پسند کی حکومت منتخب کریں۔ میناریٹیز ڈپارٹمنٹ نے ائمہ مساجد سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست بھر میں 2 ڈسمبر کو جمعہ کے موقع پر فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت سے واقف کرائیں۔ر