18 سال عمر کے افراد پر خصوصی توجہ، چیف الیکٹورل آفیسر نے مہم کی تفصیلات سے واقف کرایا
حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے ریاست میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظر ثانی مہم پر سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا کام یکم اگسٹ سے شروع ہوا اور 9 نومبر کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 18 سال کی یکم جنوری 2023 کو تکمیل کرنے والے شہری اپنا نام درج کراسکتے ہیں اور ایسے شہری جن کی عمر 17 سال سے زائد ہے وہ بھی اڈوانس میں درخواست دے سکتے ہیں۔ وکاس راج نے سیاسی پارٹیوں پر زور دیا کہ وہ ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کیلئے رائے دہندوں میں شعور بیدار کریں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ سماج کے مختلف طبقات اور 18 سے 19 سال عمر کے افراد تک رسائی کیلئے خصوصی مہم چلائی گئی۔ 26 اور 27 نومبر کے علاوہ 3 اور 4 ڈسمبر کو خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ تمام پولنگ اسٹیشنوں میں درخواستوں کو قبول کیا جائے گا۔ انہوں نے سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی کہ بوتھ سطح کے ایجنٹس کا تقرر کریں۔ بی جے پی، ٹی آر ایس، تلگودیشم، مجلس، سی پی آئی، سی پی ایم، وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی اوردیگر پارٹیوں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے بارے میں تجاویز پیش کی۔ سیاسی پارٹیوں نے جو تجاویز پیش کی ان میں رائے دہندوں کے ناموں کی جانچ کیلئے ایڈریس کی بنیاد پر جانچ کو یقینی بنانا، پولنگ اسٹیشنوں کیلئے نئے حدود کا تعین شامل ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ مذکورہ تجاویز سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ر