فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے شیڈول کا اعلان

   

تلنگانہ میں 18 اکتوبر تک گھر گھر سروے اور جنوری میں قطعی فہرست رائے دہندگان کی اشاعت
حیدرآباد ۔22۔ اگست (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کیلئے نظرثانی سے متعلق شیڈول جاری کیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سدرشن ریڈی کے مطابق 20 اگست سے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا آغاز ہوگا اور 18 اکتوبر تک بوتھ سطح کے عہدیداروں کی جانب سے گھرگھر پہنچ کر جائزہ لینے کا کام مکمل کیا جائے گا ۔ اس مدت میں پولنگ اسٹیشنوں کے انتخاب، فہرست رائے دہندگان میں خامیوں کی درستگی ، فہرست رائے دہندگان میں موجود تصویر کے معیار کو بہتر بنانے، پولنگ اسٹیشنوں کے حدود کے تعین جیسے امور کی یکسوئی کی جائے گی۔ 19 اکتوبر تا 28 اکتوبر فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کو قطعیت دی جائے گی۔ 29 اکتوبر کو نظرثانی شدہ فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا جائے گا ۔ 29 اکتوبر تا 28 نومبر فہرست رائے دہندگان میں دعوے اور اعتراضات قبول کئے جائیں گے۔ 24 ڈسمبر تک اعتراضات کی یکسوئی کی جائے گی۔ یکم جنوری 2025 تک فہرست رائے دہندگان کا قطعی طور پر جائزہ لیتے ہوئے اشاعت کیلئے الیکشن کمیشن سے اجازت حاصل کی جائے گی۔ قطعی فہرست رائے دہندگان 6 جنوری 2025 کو جاری ہوگی۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق یکم جنوری 2025 تک 18 سال عمر کی تکمیل کرنے والے افراد جن کا نام فہرست رائے دہندگان میں شمل نہیں ہیں ، وہ اپنا نام درج کراسکتے ہیں۔ بوتھ سطح کے عہدیدار گھر گھر پہنچ کر فہرست کا جائزہ لیں گے۔ سدرشن ریڈی نے تلنگانہ کے تمام رائے دہندوں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے کام میں حکام سے تعاون کریں۔ ناموں کی شمولیت اور اعتراضات کے لئے فارم 6 ، فارم 7 اور فارم 8 کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ 1