فیروز خان نے تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کی، مصلیوں سے ملاقات

   

امن اور ترقی کیلئے دعا، تلنگانہ جناسمیتی نے تائید کا اعلان کیا
حیدرآباد۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا حیدرآباد سے کانگریس کے امیدوار محمد فیروز خان نے آج تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کیا۔ اس موقع پر مصلیان مسجد نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ فیروز خان نماز کی ادائیگی کے لیے جب مکہ مسجد پہنچے تو راستے میں موجود مقامی افراد سے ملاقات کی اور پرانے شہر کی ترقی کے مقصد سے انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے سے واقف کرایا۔ مکہ مسجد میں موجود کئی ضعیف اور بزرگ افراد نے فیروز خان کو دعائوں اور نیک خواہشات سے نوازا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فیروز خان نے کہا کہ انہوں نے پرانے شہر میں امن اور عوام کی ترقی کے لیے بارگاہِ الٰہی میں گڑگڑاکر دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسجد کے باہر سیاسی گفتگو سے گریز کریں گے کیوں کہ وہ خالص نماز کی ادائیگی کے مقصد سے مکہ مسجد پہنچے ہیں۔ فیروز خان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ حیدرآباد ملک کے دیگر شہروں کی طرح ترقی کرے اور پرانے شہر کے عوام بھی ترقی کے فوائد سے استفادہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی حیدرآباد میں غربت کے خاتمے اور بیروزگاروں کو روزگار کی فراہمی کے لیے اقدامات کرے گی۔ فیروزخاں کے ہمراہ مقامی کانگریس قائدین بھی موجود تھے۔ اسی دوران پروفیسر کودنڈارام کی تلنگانہ جناسمیتی میں حلقہ لوک سبھا حیدرآباد سے فیروز حان کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ جناسمیتی کے قائدین نے آج فیروز خان سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کے فیصلے سے واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ جناسمیتی نے حیدرآباد لوک سبھا حلقے سے پارٹی امیدوار میدان میں اتارا تھا لیکن پرچہ نامزدگی مسترد ہوگیا۔ لہٰذا فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ کے لیے جناسمیتی نے فیروز خان کی تائید کا فیصلہ کیا۔ جناسمیتی کے قائدین نے کہا کہ کانگریس پارٹی دیگر سکیولر طاقتوں کے ساتھ مل کر فرقہ پرستوں کو شکست دے سکتی ہے۔ حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ فیروز خان نے کہا کہ وہ قومی یکجہتی کے فروغ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے استحکام کے لیے انتخابی میدان میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانا شہر اپنی قیادت کی نااہلی اور عدم دلچسپی کے باعث پسماندگی کا شکار ہے۔ کانگریس امیدوار کل 30 مارچ کو چندرائن گٹہ اسمبلی حلقے میں پیلی درگاہ صلالہ کیشوگری ہلز کمہارواڑی سینٹ اینز اسکول عمر گلشن فنکشن ہال چندرائن گٹہ اور دیگر علاقوں کا دورہ کریں گے۔ شام میں ایشین فنکشن ہال معین باغ کے قریب جلسہ عام منعقد ہوگا۔ مقامی کانگریسی قائد عیسیٰ بن عبید مصری اور دیگر قائدین مخاطب کریں گے۔ لوک سبھا حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے آج فیروز خان سے ملاقات کرتے ہوئے تائید کا یقین دلایا۔