حیدرآباد 9نومبر (سیاست نیوز) نامپلی حلقہ سے کانگریس امیدوار محمد فیروز خاں نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ فیروز خاں والدہ محترمہ ، اہلیہ اور بھائی محمد راشد خاں کے ہمراہ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچے اور پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ ایم ار او آفس آصف نگر میں ریٹرننگ آفیسر کے روبرو فیروز خاں نے اپنے وکیل کے ساتھ پہنچ کر پرچہ نامزدگی حوالے کیا۔ اس موقع پر کانگریس کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیروز خاں نے کہا کہ وہ نامپلی حلقہ میں ترقی اور فلاح و بہبود کا منصوبہ رکھتے ہیں اور کامیابی کے بعد وہ غریبوں اور نوجوانوں کو خود روزگار اسکیمات سے مربوط کرنے حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نامپلی میں تمام طبقات کی انہیں تائید حاصل ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مجلس بوگس ووٹنگ سے کامیابی کا منصوبہ بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلسی قیادت سے ان پر عائد الزامات میں سچائی نہیں ہے۔ وہ حقیقی معنوں میں سیکولر ہیں اور تمام طبقات کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے کام کا عزم رکھتے ہیں۔ فیروز خاں نے کہا کہ گزشتہ 15 برسوں میں نامپلی حلقہ کی ترقی کو نظر انداز کردیا گیا جسکے نتیجہ میں عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجلس کے رکن اسمبلی نے عوام کی خدمت کی ہے تو پھر انہیں تبدیل کیوں کیا گیا ۔