فیریٹ کرکٹ باش، حیدرآبادیوں کو کرکٹر بننے کا سنہری موقع

   

حیدرآباد ۔11 فبروری (سیاست نیوز) حیدرآبادی عوام کو جس ٹورنمنٹ کا کافی عرصہ سے انتظار تھا اب وہ انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئی ہیں کیونکہ 15 سال کی عمر سے زیادہ کے ایسے افراد جوکہ کرکٹ کے باضابطہ ٹورنمنٹ سے خودکو منسلک کرنے کے خواہاں ہیں ان کیلئے ’’فیریٹ کرکٹ باش‘‘منزل مقصود ثابت ہوگا۔ حیدرآباد نے محمد اظہرالدین، وی وی ایس لکشمن اورمحمد سراج کے علاوہ کئی بین الاقوامی کرکٹر دنیا کو دیئے ہیں جبکہ حیدرآباد وسکندرآباد کی گلیوں میں ہنوز ایسے سینکڑوں اظہرالدین اورمحمد سراج ہیں جوکہ صحیح موقع کا انتظار کرتے ہیں لیکن ان کا انتظار صرف انتظار ہی بن جاتا ہے تاہم اب انہیں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے ہندوستان کے اپنی نوعیت کے پہلے ٹورنمنٹ ایف سی باش نے مواقع فراہم کرنے شروع کردیئے ہیں۔ ایف سی باش ایک ایسا ٹورنمنٹ ہوگا جوکہ 15 سال سے زیادہ کے کسی فرد اورکسی بھی پیشہ سے وابستہ شخص کو اپنی کرکٹ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ یہاں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ایف سی باش کے منٹر اور بین الاقوامی سابق عظیم اسپنر سری لنکا کے میتھامرلی دھرن نے کہا کہ ہندوستان نے دنیا بھرکی کرکٹ کو نہ صرف کئی عظیم کھلاڑی فراہم کئے ہیں بلکہ اس نے کرکٹ کی تصویر بھی بدلنے میں اہم رول ادا کیا ہے اور اب مذکورہ ٹورنمنٹ کے ذریعہ حیدرآبادی کرکٹ صلاحیتوں کو فروغ دینے کا ایک بہتر موقع مجھے ملا ہے اور میں نوجوان حیدرآبادی کرکٹر کے ساتھ ان کی صلاحیتوں کے فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کروں گا۔ دریں اثناء ایف سی بی کے بانی جسمیت بھاٹیہ نے کہا کہ وہ اپنے وقت میں ریاستی سطح کی کرکٹ کھیلتے تھے اورانہیں بھی کئی ایک رکاوٹوں کا سامنا رہا تاہم ان کا خواب تھا کہ وہ ہر اس شخص کو کم از کم ایک مرتبہ اپنی کرکٹ صلاحیتوں کے مظاہرے کا موقع فراہم کریں جوکہ کرکٹر بننے کا خواب دیکھتا ہے اور حیدرآباد میں اس لیگ کے ذریعہ وہ اپنا یہ خواب پورا کررہے ہیں۔ یاد رہیکہ اس لیگ سے مرلی دھرن کے علاوہ ظہیرخان، کریس گیل اور پروین کمار کے علاوہ کئی اور بین الاقوامی کرکٹر وابستہ ہیں۔ ٹورنمنٹ کیلئے حیدرآباد کے بشمول دیگر 16 ٹیموں کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں لایا جائے۔ کھلاڑیوں کے انتخاب کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جبکہ لیگ جولائی ۔ اگست 2019ء میں کھیلی جائے گی۔ مزید تفصیلات Feritcricketbash.com سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔