اندرون ایک ہفتہ 600 کروڑ کی اجرائی سے حکومت کا اتفاق
1200 کروڑ مرحلہ وار جاری ہوں گے ، بات چیت کامیاب
حیدرآباد : 15ستمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت اور خانگی تعلیمی اداروں کے انتظامیہ کے درمیان بات چیت کامیاب ہوگئی اور حکومت نے فیس ریمبرسمنٹ کے 1200کروڑ کے بقایا جات کی اجرائی کا تیقن دیا ۔ مذاکرات کے بعد کالجس نے ہڑتال سے دستبرداری کا اعلان کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا ، وزیر آئی ٹی سریدھر بابو اور وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے پیشہ وارانہ کالجس کے نمائندوں کے ساتھ آج دوسرے دور کی بات چیت کی ۔ کالجس میںمنگل سے تعلیم کا معمول کے مطابق آغاز ہوگا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کا تعلیمی مستقبل حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ فیس ریمبرسمنٹ اسکیم غریب اور متوسط طلبہ کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ۔ سابق بی آر ایس حکومت نے فیس ریمبرسمنٹ اسکیم کو نظر انداز کردیا تھا ۔ 10برسوں میں بی آر ایس حکومت نے فنڈز جاری نہیں کئے جس سے بقایا جات میں اضافہ ہوگیا ۔ کانگریس حکومت فیس ریمبرسمنٹ اور دیگر بقایا جات کو جاری کرنے میں سنجیدہ ہے تاکہ طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو ۔ کالجس کے پاس 600 کروڑ سے متعلق ٹوکن موجود ہیں ۔ 600کروڑ کے ٹوکن سے متعلق رقومات اندرون ایک ہفتہ جاری کردی جائیں گی ۔ فیس ریمبرسمنٹ اسکیم کو آسان اور نقائص سے پاک بنانے کیلئے کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے ہڑتال ختم کرنے پر کالجس انتظامیہ سے اظہار تشکر کیا ۔ 1 ( کالجس کے بند کی ابتدائی خبر صفحہ 2 پر )