نئی دہلی: ریاست اتر پردیش کے فیض آباد لوک سبھا سے بی جے پی کی شکست پر دو نوجوانوں نے مقامی رائے دہندگان کے ساتھ گالی گلوچ کرتے ہوئے ویڈیو بنائیں اور اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بھی وائرل کر دیا گیا۔ پولیس نے اس معاملے میں دکش چودھری اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔ دکش چودھری نے حال ہی میں کنہیا کمار کو طمانچہ رسید کیا تھا۔ غازی آباد کے ٹیلا موڈ پولیس اسٹیشن نے دکش اور اس کے ساتھی انو چودھری کو گرفتار کیا ہے ان دونوں نے رائے دہندگان کو گالیاں دی تھی، ملزمین نے لوک سبھا انتخابات میں فیض آباد نشست سے بی جے پی کی شکست پر برہم ہو کر یہ ویڈیو بنایا تھا۔ اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ دکش چودھری رائے دہندوں کو کس طرح سے گندی گندی گالیاں دے رہا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر پولیس سدھار گوتم نے کہا کہ 6 جون کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہونے کی اطلاع ملی تھی جس میں رائے دہندوں پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مقصد سے ناز یبا ریمارکس کیے گئے تھے ۔دکش چودھری کا تعلق ہندو رکشا دل سے ہے۔