فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے مستحقین میں 120 بلانکٹس کی تقسیم

   

بابا نگر بالاپور میں بھی بلانکٹس کی تقسیم کا اہتمام ، خدمت خلق کو اولین ترجیح
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : شدید سردی میں اگر آپ شہر کے کسی بھی مقام پر رات کے اوقات میں بالخصوص درمیانی شب کے دوران گشت لگاتے ہیں تو یقینا آپ کو پتہ چلے گا کہ کس طرح بے گھر و بے آسرا لوگ اپنی زندگی کی سرد راتیں گذارتے ہیں ۔ بس شیلٹرس کے نیچے ہو یا کسی ہوٹل یا دکان کے باہر یا پھر سڑکوں کے کنارے فٹ پاتھ پر سو رہے غریب انہیں دیکھیں تو بخوبی پتہ چلتا ہے کہ وہ شدید سردی سے خود کو بچانے کے لیے بار بار اپنے جسم پر موجود کسی بوسیدہ چادر کو سمٹ سمٹ کر سارے وجود کو چھپانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔ ان کے ہاتھوں پاؤں سردی کے باعث بالکل برف کی طرح ٹھنڈے ہوچکے ہیں ۔ ان حالات میں کوئی وہاں پہنچ کر ان کے سردی سے کانپتے وجود پر گرم بلانکٹ ڈالدے تو ہمیں یقین ہے کہ نہ صرف وہ غریب خوش ہوگا بلکہ اپنے بندہ کو راحت پہنچانے پر اللہ تعالیٰ بھی خوش ہوں گے اور انسان کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس سے اللہ اور اس کے رسول ﷺ خوش رہیں ۔ اس معاملہ میں فیض عام ٹرسٹ کے ذمہ دار خوش نصیب ہیں کہ ان لوگوں نے سردی کی شدت سے پریشان افراد میں 1200 بلانکٹس کی تقسیم عمل میں لائی ۔ ان بلانکٹس کی کوالیٹی بھی بہت اچھی تھی جس پر 1.6 لاکھ روپئے کی لاگت آئی ۔ دو یوم قبل بابا نگر میں محمد عبدالغفار کے مکان میں بھی فیض عام ٹرسٹ نے بلانکٹس کی تقسیم کا انتظام کیا تھا ۔ اس موقع پر جناب غضنفر علی ( یو ایس اے ) اور جناب حامد علی و جناب سید حیدر علی رکن مجلس عاملہ فیض عام ٹرسٹ نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور اپنے ہاتھوں سے مستحق لوگوں میں معیاری بلانکٹس کی تقسیم عمل میں لائی ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین اور محترمہ انیس فاطمہ کے ہاتھوں بھی مرد و خواتین میں بلانکٹس تقسیم کئے گئے ۔ بتایا جاتاہے کہ فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے بالاپور اور شہر کے دیگر غریب بستیوں میں بھی بلانکٹس کی تقسیم کا انتظام کیا گیا تھا اور اضلاع میں بھی بلانکٹس تقسیم کی گئیں ۔ جناب افتخار حسین کے مطابق ٹرسٹ نے ریاکاری سے اجتناب کیا ہے اور فیض عام ٹرسٹ کے ہر کام میں ادارہ سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کا غیر معمولی تعاون و اشتراک حاصل رہا ۔ بہر حال فیض عام ٹرسٹ جس انداز میں بلا لحاظ مذہب و ملت رنگ و نسل ذات پات ضرورت مندوں کی مدد کررہا ہے وہ مثالی اور دوسری رضاکارانہ تنظیموں کیلئے قابل تقلید ہے ۔۔