فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے 70 ہزار خاندانوں میں راشن کٹس و دیگر امداد کی تقسیم

,

   

ادویات کی بھی فراہمی ، سرگرم رول ادا کرنے والے جانبازوں کو تہنیت
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : کورونا وائرس کی خوف و دہشت ، نفاذ قانون کی ایجنسیوں کی سختیوں ، گرمی کی شدت ، غریبوں کی تڑپ کے درمیان فیض عام ٹرسٹ اور اس کے جانباز ، کارکنوں نے ضرورت مندوں و مستحقین کی مدد میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ملک و بیرون ملک فیض عام کے عطیہ دہندگان کو ترغیب دیتے رہے ۔ ہمدردان ملت کو احساس دلاتے رہے ۔ بہر حال جو کام خلوص نیت کے ساتھ کیا جاتا ہے اللہ تعالیٰ اس کام میں برکت عطا فرماتے ہیں ۔ چنانچہ فیض عام ٹرسٹ کے ذریعہ لاک ڈاؤن کے دوران 70 ہزار خاندانوں کو فائدہ ہوا ۔ لاک ڈاؤن کے دوران ان خاندانوں میں راشن کٹس ، غذائی پیاکٹس ، ادویات ، نقد رقمی امداد کی تقسیم عمل میں آئی ۔ اس کے علاوہ عید کٹس بھی تقسیم کی گئیں ۔ اس غیر معمولی کام میں فیض عام کے جانباز سید عبدالستار منیجر ، اعظم خاں فیلڈ آفیسر ، شیخ اکرم ، سید حسن علی ، سید محبوب الحسن کا اہم کردار رہا ۔ کوویڈ 19 لاک ڈاؤن کے خلاف متحرک فیض عام ٹرسٹ کے ان جانبازوں اور دیگر کارکنوں کو منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں کے ہاتھوں توصیف نامہ اور رقمی انعامات پیش کئے گئے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر مخدوم محی الدین ٹرسٹی ، سید حیدر علی ، علی حیدر عامر ، ارکان مجلس عاملہ اور اطہر علی اسد حال مقیم امریکہ نے ( بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ) موجود تھے ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کے مطابق دیگر 15 والینٹرس محمد اسلم ، سرفراز ، شیخ سمیر ، شیخ مشتاق ، سید رضوان ، عزیز خاں ، وسیم احمد ، وینکٹیش پرساد ، محمد عبدالمعید ، سید سلیم الدین زاہد ، میر اعظم علی ، سید شاہ جعفر حسینی ، محمد عبدالغفار ، سید ایاز اور محمد یسین کی بھی گلپوشی کرتے ہوئے نقد انعامات عطا کئے گئے ۔ جناب ظہیر الدین علی خاں نے اپنے خطاب میں ضرورت مندوں و مستحقین کی مدد میں فیض عام ٹرسٹ آگے رہنے پر ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان نوجوانوں نے نامساعد حالات میں ضرورت مندوں تک فیض عام ٹرسٹ کی امداد پہنچانے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے دہلی فسادات کے متاثرین کی مدد کے لیے روزنامہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ کے اقدامات کی زبردست ستائش کی ۔ انہوں نے دہلی فسادات کے متاثرین کی مدد میں سکھوں کے آگے آنے کی مثالیں پیش کیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فیض عام ٹرسٹ نہ صرف ملت کے نونہالان کی مدد میں شبانہ روز مصروف ہے بلکہ ملت کے ہر مشکل وقت میں آگے دکھائی دیتا ہے ۔ ڈاکٹر مخدوم محی الدین ٹرسٹی فیض عام ٹرسٹ نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے فیض عام ٹرسٹ کے قابل احترام عطیہ دہندگان کا بطور خاص شکریہ ادا کیا ان کا کہنا تھا کہ ان ہمدردانہ ملت کے تعاون سے ہی یہ مدد کی جارہی ہے ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ لاک ڈاون کے دوران فیض عام کے جو استفادہ کنندگان ہیں ان میں بھی راشن کٹس ، عید کٹس ، نقد رقم ، ادویات وغیرہ کی تقسیم عمل میں آئی ۔ مہمان خصوصی جناب اطہر علی اسد نے اپنے خطاب میں ادارہ فیض عام ٹرسٹ کی خدمات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرسٹ اپنے بانی جناب ذوالفقار حسین مرحوم کے خوابوں کی تعمیل کررہا ہے ۔ ڈاکٹر مخدوم محی الدین نے تہنیتی تقریب کی کارروائی چلائی اور جناب علی حیدر عامر کے شکریہ پر یہ محفل اپنے اختتام کو پہنچی ۔۔