فینکس نام سے مشہور باحجاب ریسلر مقبولیت کی بلندیوں پر

   

کوالالمپور۔18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ملائیشیا میں ’’فینکس ‘‘ کے نام سے مشہور خاتون ریسلر مردوں کی برتری کے حامل سمجھے جانے والے اس کھیل میں حجاب پہنے میدان میں اترتی ہیں اورکئی مفروضے غلط ثابت کر رہی ہیں۔ نورڈیانا نامی ملائیشیائی خاتون کے افیشل ڈریس والے ٹراؤزر پر آگ کے شعلوں کی تصویر ہے اور وہ سیاہ اور زعفرانی رنگ کے حجاب اور ٹی شرٹ کے رِنگ میں آتی ہیں۔ وہ نہایت ماہرانہ انداز سے داؤ پیچ لگاتی ہیں اور خود سے بڑے حریفوں کو سینکڑوں تماشائیوں کے سامنے پچھاڑ دیتی ہیں۔5 فٹ ایک انچ قد اور43کلووزنی فینکس اپنی پھرتی اور تیز ی سے ہرحریف پر حاوی ہوجاتی ہیں۔19 سالہ ریسلر کو اس شعبے میں پنجہ آزمائی پر تنقید کا سامنا ہے تاہم سوشل میڈیا پر انہیں زبردست پذیرائی مل رہی ہے اور ان کے موضوع گفتگو بن جانے کی ایک وجہ ان کا حجاب پہننا بھی ہے۔ نورڈیانا نے کہا ہے کہ گو کہ میں مسلمان ہوں اور حجاب پہنتی ہوں،لیکن مجھے کوئی اس سے نہیں روک سکتا، جو میں کرنا چاہتی ہوں۔فونیکس کے طور پر میں ایک مختلف انسان ہوں، جو چھوٹی تو ہے لیکن وہ کچھ کر سکتی ہے ، جو کوئی دوسرا سوچ بھی نہیں سکتا۔