فیڈرر اور جوکووچ کے درمیان ایک اور فائنل متوقع

   

لندن ۔ومبلڈن 2019 میں فیڈرر کو فائنل میں شکست دینے والے جوکووچ کو اُبھرتے ٹینس اسٹار اور فرنچ اوپن کے فائنل میں انھیں پریشان کرنے والے یونان کے اسٹیفینوس سٹسپاسٹ کے چیلنج کا سامنا کرنا ہوگا جبکہ سیمی فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک اور ومبلڈن چمپئن اینڈی مرے کا سامنا کرنا ہوسکتا ہے۔ اِن تمام سے قبل جوکووچ کو سب سے پہلے مرحلہ کے مقابلہ میں برطانیہ کے جیک ڈراپر کا سامنا کرنا ہوگا جس کے بعد کوارٹر فائنل میں روس کے اینڈری روگلیو سے مقابلہ ہوگا۔ علاوہ ازیں ٹورنمنٹ میں تیسرے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے یونانی ٹینس اسٹار سٹسپاسٹ کو پہلے ہی مرحلہ میں امریکی کھلاڑی فرانسیس ٹائیفو کا سامنا کرنا پڑے گا۔ گرانڈ سلام کا ایک اور بڑا نام رافل نڈال پہلے ہی ومبلڈن اور اولمپکس سے دستبرداری اختیار کی ہے۔ دریں اثناء روجر فیڈرر نے پیر کو شروع ہونے والے ومبلڈن میں بہتر مظاہروں کا عزم ظاہر کرنے کے علاوہ ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کے متعلق کہاکہ ومبلڈن میں ہونے والے مظاہروں کی بنیاد پر وہ اولمپکس میں شرکت کا فیصلہ کریں گے۔ ٹینس شائقین کو فائنل میں فیڈرر اور جوکووچ کے مقابلے کی اُمید ہے جیسا کہ 2019 کے تاریخی مقابلے کا اعادہ ہوسکے جہاں 5 سیٹوں پر مشتمل مقابلے میں جوکووچ نے میچ پوائنٹ بچاتے ہوئے فیڈرر کو شکست دی تھی۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے 2020 ء میں ومبلڈن منعقد نہیں کیا گیا تھا۔