فیڈرر 13ویں مرتبہ ہال ٹورنمنٹ کے فائنل میں

   

ہال۔ 23 جون (سیاست ڈاٹ کام)20مرتبہ کے گرینڈ سلام چمپئن سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے فرانس کے پیئر ہیوز ہربرٹ کو 6-3، 6-3 سے شکست دے کر ہال اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے فائنل میں 13 ویں بار جگہ بنا لی ہے ۔سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ومبلڈن کے تیاری ٹورنامنٹ کہے جانے والے ہال اوپن میں فیڈرر کا زبردست ریکارڈ ہے اور وہ اس ٹورنامنٹ میں نو بار سنگلز اور ایک بار ڈبلز خطاب جیت چکے ہیں۔دنیا کے تیسرے نمبر کے کھلاڑی فیڈرر کا فائنل میں بیلجیم کے ڈیوڈ گوفن سے مقابلہ ہوگا جنہوں نے ایک اور سیمی فائنل میں اٹلی کے ماتیو بیریٹني کو 7-6، 6-3 سے شکست دی۔سوئس ماسٹر ہال میں اپنا 10 واں ٹائٹل جیتنے سے ایک جیت دور رہ گئے ہیں۔ اگر فیڈرر یہ کامیابی حاصل کر لیتے ہیں تو یہ پہلی بار ہو گا کہ وہ کسی ٹورنامنٹ کو 10 بار جیت جائیں گے ۔اے ٹی پی ٹور میں 101 بار خطاب جیت چکے فیڈرر کے سامنے امریکہ کے جمی کونرس کا 109 اے ٹی پی خطاب کا ریکارڈ ہے ۔ اگر فیڈرر جیتتے ہیں تو یہ 16 ویں بار ہو گا کہ وہ ایک سیزن میں کم از کم تین اے ٹی پی ٹور خطاب جیتیں گے ۔ہال میں فیڈرر کا ریکارڈ ابھی 67-7 پہنچ چکا ہے ۔ انہوں نے ہفتہ کو ہربرٹ کو شکست دینے میں صرف 62 منٹ کا وقت لگایا۔ 37 سالہ فیڈرر کیلئے اس ہفتے یہ پہلا میچ تھا جس میں انہیں ایک بھی بریک پوائنٹس کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ فیڈرر کا گوفن کے خلاف 7-1 کا کریئر ریکارڈ ہے ۔ انہوں نے تین سال پہلے گوفن کو مسلسل سیٹوں میں شکست دی تھی۔ فیڈرر کی گوفن پر سات فتوحات ہیں جبکہ گوفن صرف ایک سیٹ ہی جیت پائے ہیں۔