فی الحال کابینہ میں کوئی توسیع نہیں ہوگی : مہیش کمار گوڑ

   

کونڈا سریکھا اور جی چناریڈی کے خلاف کارروائی اے آئی سی سی کا فیصلہ، میڈیا سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 5 ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ فی الحال کابینہ میں توسیع کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ کونڈا سریکھا کو کابینہ سے برطرف کرنے کا فیصلہ کانگریس ہائی کمان کا ہے۔ اس میں ہمارا کوئی رول نہیں ہے جبکہ ہم نے انہیں بچانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے لیکن ہائی کمان نے اس کو قبول نہیں کیا۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے ان خیالات کا اظہار کیا جس کے بعد 7 ستمبر سے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس سے قبل کابینہ کی توسیع کی قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ دہلی میں کانگریس ہائی کمان کے پاس صرف کونڈا سریکھا اور جی چناریڈی کے معاملے پر بات چیت ہوئی ہے۔ کابینہ کی توسیع کے بارے میں کوئی مشاورت نہیں ہوئی اور نہ ہی اس مسئلہ پر غور کیا گیا۔ انہیں (مہیش کمار گوڑ) کو کابینہ میں شامل کرنے کی افواہوں پر پوچھے گئے سوال کو انہوں نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف افواہیں ہیں اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں کب توسیع کرنا ہے یہ مکمل چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کا اختیار ہے وہ مناسب وقت پر صحیح فیصلہ کریں گے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ مستقبل میں پارٹی اور حکومت پر تنقید کرنے والے کسی بھی قائد کو بخشا نہیں جائے گا۔ کونڈا سریکھا اور جی چناریڈی کے خلاف تلنگانہ کانگریس تادیبی کمیٹی کی سفارش پر اے آئی سی سی نے فیصلہ کیا ہے۔ اس میں ہمارا کوئی رول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت سے برطرف کرنے کے بعد بھی کونڈا سریکھا نے جذباتی ہوکر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ انہیں آئندہ سے اس طرح بات نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس میں اظہارخیال کی آزادی ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہیکہ کوئی بھی پارٹی کے حدود پار نہیں کرسکتے۔ اگر انہیں کوئی مسئلہ ہے تو وہ پی سی سی ، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری جہاں تک کہ راہول گاندھی سے بھی بات چیت کرسکتے ہیں مگر کھلے عام بات کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں ہے۔2