قائدین اور عوام کو کورونا وائرس سے چوکسی کا مشورہ

   

حکومت کی لاپرواہی سے کیسیس میں اضافہ، اتم کمار ریڈی کا الزام
حیدرآباد ۔ تلنگانہ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کانگریس قائدین، کیڈر اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا کے بڑھتے کیسیس کے پس منظر میں سخت چوکسی اختیار کریں اور احتیاطی تدابیر کے ذریعہ خود کو وائرس سے بچائیں۔ اتم کمار ریڈی نے اس سلسلہ میں ایک اپیل جاری کی اور کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس دن بہ دن تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی نااہلی اور تساہل کے نتیجہ میں کورونا پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ چیف منسٹر ابتداء ہی سے کورونا کی روک تھام میں ناکام ہوچکے ہیں اور وہ اس معاملہ میں انتہائی لاپرواہی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ حکومت کے تساہل کے نتیجہ میں روزانہ سینکڑوں افراد کورونا کا شکار ہورہے ہیں اور اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ کانگریس کارکنوں کو جو ریلیف کے کاموں میں مصروف ہیں، چوکس رہنا پڑے گا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے جن احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیا گیا ہے ان پر عمل کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں اور قائدین کو محفوظ رہنا چاہئے ۔ ماسک اور فیس شیلڈ کے علاوہ سینیٹائزر کا استعمال کیا جائے۔ سماجی دوری کو برقرار رکھتے ہوئے کورونا سے بچاؤ ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے دفاتر میں بھی احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔ گاندھی بھون اور اضلاع کے تمام دفاتر میں ماسک کے بغیر داخلے پر روک لگادی گئی ہے۔ پریس میٹ کے دوران اخباری نمائندے بھی ماسک کا لازمی طور پر استعمال کریں۔