وزیر ریلویز سے کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی کی ملاقات
حیدرآباد۔6۔اپریل (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے نلگنڈہ ضلع میں ریلوے انفراسٹرکچر بہتر بنانے کیلئے وزیر ریلوے اشونی ویشنو سے نمائندگی کی۔ اتم کمار ریڈی نے ضلع میں زیر التواء ریلوے پراجکٹس کے بارے میں مرکزی وزیر کو یادداشت حوالے کی۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی سے علاقہ میں معاشی ترقی ہوگی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گزشتہ 4 برسوںکے دوران انہوں نے ریلوے پراجکٹس کے بارے میں حکومت کو بارہا توجہ دلائی ہے ۔ انہوں نے ڈورنکل اور مریال گوڑہ کے دوران نئی ریلوے لائین کی منظوری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے وزیر ریلوے سے کہا کہ کئی پراجکٹس کے بارے میں حکام کی جانب سے رپورٹ کی تیاری میں تاخیر کی جارہی ہے۔ انہوں نے وزیر ریلوے سے خصوصی دلچسپی کی درخواست کی ۔ وزیر ریلوے نے تیقن دیا کہ اضافی پاسنجر ٹرینوں اور ریلوے لائین کی ڈبلنگ کے کام انجام دیئے جائیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کے نلگنڈہ اور مریال گوڑہ میں توقف کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے تنظیم جدید قانون کے تحت قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کے وعدہ کو یاد دلایا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو پارلیمنٹ میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرنی چاہئے ۔ وزیر ریلوے نے قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کا تیقن دیا۔ر