کانگریس ہائی کمان کی منظوری ۔ دو نام ارکان اسمبلی کوٹہ سے اور دو گورنر کوٹہ سے ۔ جلد اعلان کیا جائیگا
حیدرآباد 15 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کی 4 نشستوں کیلئے کانگریس اعلیٰ کمان نے ناموں کو قطعیت دے دی ہے اور اپنے فیصلہ سے ریاستی حکومت کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے سماجی انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے 4 مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کے ناموں کو قطعیت دی ہے ۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کی جملہ 4 نشستوں پر امیدواروں کے اعلان کے سلسلہ میں گذشتہ دو یوم میں دہلی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی ‘ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے پارٹی اعلیٰ کمان قائدین سے مشاورت جاری رکھی ہوئی تھی ۔ ذرائع کے مطابق ہائی کمان نے گورنر کوٹہ کے تحت کونسل کی دو نشستوں پر غیر سیاسی افراد کے ناموں کو قطعیت دے دی ہے جبکہ ارکان اسمبلی کے زمرہ میں 2 پارٹی قائدین کے ناموں کو قطعیت دی گئی ہے لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر اس فیصلہ کا تاحال باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ کونسل کیلئے نامزدگیوں میں ایک مسلم امیدوار کو قطعیت دی گئی ۔ اس کے علاوہ ریڈی ‘ ایس سی اور بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے 3 امیدواروں کو قطعیت دی گئی ہے۔ کونسل رکن کی حیثیت سے جن امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی گئی ہے ان میں دو اراکین کونسل کو کابینہ میں شامل کئے جانے کے امکانات ہیں اور کہا جار ہاہے کہ پارٹی نے کافی غور و خوص کے بعد آئندہ لوک سبھا انتخابات کو نظر میں رکھتے ہوئے ارکان کونسل کے ناموں کو قطعیت دی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی ‘ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک کے علاوہ دیگر وزراء اور پارٹی قائدین کو قطعیت دیئے گئے ناموں سے واقف کروایا جاچکا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بیرونی دورہ سے واپسی سے قبل ارکان اسمبلی کے زمرہ میں موجود ارکان قانون ساز کونسل کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہونے کے سبب آئندہ 48 گھنٹوں میں ارکان اسمبلی زمرہ کے امیدواروں کے علاوہ گورنر کے کوٹہ میں قطعیت دیئے گئے ناموں کا اعلان کردیا جائیگا۔ارکان اسمبلی زمرہ کے تحت قطعیت دیئے گئے قائدین کی جانب سے 18 جنوری سے قبل پرچہ نامزدگی داخل کردی جائے گی جبکہ گورنر کوٹہ کے تحت جن ناموں کی سفارش کی گئی ان کے نام گورنر کو روانہ کرکے انہیں منظوری دینے کی خواہش کی جائے گی۔3