قانون کی طالبہ کی اجتماعی عصمت ریزی کیس

   

کلکتہ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کی
کولکاتہ۔03 جولائی (یو این آئی) کلکتہ ہائی کورٹ نے جمعرات کے روز ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ جنوبی کولکاتہ میں پیش آئے قانون کی طالبہ کے ساتھ مبینہ اجتماعی عصمت ریزی کے معاملے میں سات دنوں کے اندر تفصیلی پیش رفت رپورٹ اور کیس ڈائری پیش کرے ۔جسٹس سمین سین اور جسٹس سمیتا داس کی بنچ نے یہ ہدایات 25 جون کے واقعہ کی جانچ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے کرانے کا مطالبہ کرنے کیلئے دائر کردہ مفاد عامہ کی تین عرضیوں کی ابتدائی سماعت کے دوران دیں۔تاہم متاثرہ طالبہ کے والدین نے عدالت کو بتایا کہ وہ فی الحال کولکاتہ پولیس کی جاری تحقیقات سے متفق ہیں اور سی بی آئی تحقیقات کے حق میں نہیں ہیں۔کیس کی اگلی سماعت کی تاریخ 10 جولائی کو طے کی گئی ہے ۔بنچ نے ریاست اور کالج کے حکام سے بھی کہا ہے کہ وہ اگلی سماعت کی تاریخ سے پہلے اپنے متعلقہ حلف نامہ داخل کریں۔