قاہرہ میں مزاحمتی گروپ فتح اور حماس میں مثبت مذاکرات

   

قاہرہ: حماس تنظیم کے رہنما اسامہ حمدان نے اتوار کے روز بتایا کہ قاہرہ میںفلسطینی گروپوں کے درمیان بات چیت مثبت رہی۔یہ بات انھوں نے ایک ٹی وی چینل سے گفتگو میں بتائی۔ تاہم انھوں نے واضح کیا کہ وہ کسی نتیجے تک پہنچنے میں جلد بازی نہیں کرنا چاہتے ہیں۔حمدان کے مطابق حماس کو غزہ کی پٹی میں فائر بندی کے حوالے سے کوئی نئی تحریری تجاویز نہیں ملیں۔اس سے قبل ایک مصری سیکورٹی عہدے دار نے بتایا تھا کہ فتح اور حماس نے ہفتے کو قاہرہ میں بات چیت کے دوران میں غزہ کی پٹی کے امور چلانے کے لیے کمیونٹی سپورٹ کمیٹی بنانے کے حوالے سے مزید لچک اور مثبت رجحان کا اظہار کیا۔عہدے دار نے مزید بتایا کہ کمیونٹی سپورٹ کمیٹی فلسطینی اتھارٹی کی ما تحت ہو گی۔یہ کمیٹی آزاد شخصیات پر مشتمل ہو گی۔ اس کا قیام فلسطینی صدر محمود عباس کے آرڈیننس سے قبل میں آئے گا اور یہ غزہ کی پٹی کا انتظام سنبھالے گی۔عہدے دار کے مطابق مصر نے غزہ کی پٹی میں فائر بندی اور وہاں مزید انسانی امداد کے داخلے کے لیے فلسطینی اور اسرائیلی جانب کے ساتھ اپنی کوششوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔عہدے دار نے بتایا کہ حماس اور فتح کی بات چیت خالصتا ًفلسطینی معاملہ ہے اور اس سلسلے میں مصر کی کوششوں کا مقصد فلسطینی صفوں کو یکجا کرنا اور فلسطینی عوام کی مشکلات میں کمی لانا ہے۔یاد رہے کہ حماس اور فتح کے درمیان تعلق گذشتہ برسوں کے دوران میں کئی اختلافات کا شکار رہے۔ اس دوران میں مصر، قطر اور دیگر عرب فریقوں کی جانب سے مصالحت کرانے کی کوششیں سامنے آئیں۔تاہم یہ تمام مصالحتیں اور سمجھوتے فریقین کے درمیان تمام اختلافات ختم نہیں کر سکے۔