ریاستی وزیر ستیاوتی راتھوڑ کا انکشاف
حیدرآباد ۔11۔ جون (سیاست نیوز) وزیر قبائلی بہبود ستیاوتی راتھوڑ نے کہا کہ قبائلیوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے بہت جلد سپریم کورٹ میں ریویو پٹیشن دائر کی جائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت قبائلی طبقات کو تحفظات اور دیگر رعایتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جی او نمبر 3 کے مسئلہ پر سپریم کورٹ میں ریویو پٹیشن دائر کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سپریم کورٹ نے اس جی او کو کالعدم قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو جی او نمبر 3 کے فوائد سے واقف کرایا جائے گا ۔ انہوں نے قبائلی طبقات سے اپیل کی کہ وہ احتجاج سے گریز کریں کیونکہ حکومت ان کے مفادات کے تحفظ میں سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں گریجنوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا تھا اور قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گریجن طبقہ کو سیاسی جماعتوں کے بہکاوے میں آئے بغیر کے سی آر حکومت پر بھروسہ کرنا چاہئے ۔ ملک میں گریجن طبقہ کی بھلائی کے لیے کے سی آر حکومت کے اقدامات مثالی ہیں ۔۔
