ناانصافی کے خلاف جدوجہد سے حکومت کو بوکھلاہٹ ، پی سی سی صدر ساجد خان کی میڈیا سے بات چیت
عادل آباد ۔ عالمی یوم دلت کے موقع پر 9 اگست کو ضلع عادل آباد کے اندرویلی منڈل مستقر پر کانگریس پارٹی کی جانب سے دلت گریجن ونڈورا پروگرام میں کانگریس پارٹی ریاستی صدر مسٹر ریونت ریڈی ایک جلسہ عام سے مخاطب ہوں گے ۔ یہ بات عادل آباد ضلع کانگریس پارٹی صدر ساجد خان نے میڈیا نمائندوں کو بتاتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی جلسہ میں متحدہ ضلع عادل آباد کے بیشتر منڈل جات و مواضعات سے دلت گریجن کے علاوہ دیگر طبقات کے افراد بھی ہزاروں کی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں ۔ ریاست میں ہر طبقہ کے ساتھ ریاستی حکومت کی جانب سے ہونے والی ناانصافی کے خلاف ریاست بھر میں چلائی جانے والی انقلابی تحریک کا آغاز مسٹر ریونت ریڈی ضلع عادل آباد سے کر رہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی ریاستی صدر کی اس تحریک سے ٹی آر ایس حکومت بوکھلاہٹ کا شکار بنی ہوئی ہے ۔ اسمبلی انتخابات کے دوران بے شمار عوامی وعدوں کی عدم تکمیل جس میں خاص طور سے مسلمانوں کیلئے 12 فیصد تحفظات بھی شامل ہیں کو نظر انداز کرنے پر عوام میں جہاں ایک طرف بے چینی پائی جارہی تھی وہیں مسٹر ریونت ریڈی نے ان مسائل کو حل کرانے پر زور دیتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت کی تابوت میں کیل ٹھوکنے کے کام کا آغاز کیا ہے۔ کانگریس نوجوان قائد مسٹر ریونت ریڈی قبائیلی طبقہ کی تاریخی یادگار شہدا کے مقام پر ہزاروں پولیس جوانوں کے بندوبست کے دوران لاکھوں افراد سے مخاطب ہوں گے جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں ۔ تاریخی اہمیت کے حامل اس جلسہ کو ناکام بنانے کیلئے مخالف سیاست جماعت کی جانب بے شمار رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کی غرض ریاستی سطح کے کانگریس قائدین پر زور اندرویلی کا دورہ کرتے ہوئے دیکھے گئے جبکہ تقریباً دو ہفتہ سے ضلع عادل آباد کانگریس پارٹی صدر مسٹر ساجد خان شب و روز اپنی سخت محنت اور مشقت کے ذریعہ اجتماع گاہ کے کاموں کو انجام دیا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ 40 سال قبل 20 اپریل 1981 میں قبائلی طبقہ کا ایک بہت برا اجتماع منعقد ہوا تھا ۔ جس میں ماوسٹوں کی شرکت کو محسوس کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کیگئی جس میں 13 قبائلی ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہوئے تھے ۔ 40 سال بعد اسی تاریخی مقام پر کانگریس کے جلسہ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔
