قتل معاملے میں بی جے پی رکن اسمبلی بسواراج کیخلاف ایف آئی آر درج

   

بنگلورو، 16 جولائی (یو این آئی)کرناٹک پولیس نے مجرمانہ پس منظر رکھنے والے شواکمار عرف بکلو شوا کے قتل کے معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکنِ اسمبلی اور ریاست کے سابق وزیر برتھی بسوراج کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ شوا کو منگل کی دیر رات ہلاسورو جھیل کے قریب واقع اس کے گھر کے باہر تیز دھاروالے ہتھیاروں سے قتل کر دیا گیا ۔پولیس کے مطابق رات تقریباً 10:30 بجے ایک کار میں سوار پانچ نامعلوم افراد نے شوا پر دھار دارہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔اُس وقت شوا اپنے گھر کے باہر کھڑا تھا۔ حملہ آوروں نے اُسے بری طرح زخمی کر دیا، جس سے موقع پر اس کی ہی موت ہو گئی۔جوائنٹ پولیس کمشنر (مشرقی) رمیش بھنوٹ اور ڈی سی پی ڈی دیوراج نے حملے کے فوراً بعد جائے واردات کا دورہ کیا۔ مقامی لوگوں کے بڑی تعداد میں جمع ہونے کی وجہ سے ماحول کشیدہ رہا۔شوا کی ماں وجے لکشمی نے اس معاملے میں شکایت درج کرائی، جس کے بعد ہلاسورو گیٹ تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ شوا نے تین ماہ قبل بنگلورو پولیس کمشنر کو ایک خط لکھا تھا جس میں الزام لگایا تھا کہ ایم ایل اے اور ان کے ساتھی اسے بار بار دھمکیاں دے رہے ہیں اور ان کی غیر منقولہ جائیدادوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔