قتل نہیں صرف ڈرانا چاہتا تھا

   

نئی دہلی۔ دہلی پولیس کی ٹیم پہلوان ساگر دھنکھڑ کے قتل کے الزام میں گرفتار اولمپک میڈلسٹ پہلوان سشیل کمار کولے کر صبح چھترسال اسٹیڈیم پہنچی۔ سشیل کو اسٹیڈیم کے اندر اس کمرے میں لے جایا گیا جہاں یہ واقعہ پیش آیاتھا۔ دہلی پولیس کی ٹیم یہ جاننا چاہتی ہے کہ آخر اس رات کیا ہواتھا۔صرف یہی نہیں، دہلی پولیس ذرائع کے مطابق، کرائم برانچ یہ بھی جاننا چاہتی ہے کہ فرارہونے کے دوران سشیل کمارکی کس کس شخص نے کی مدد کی اور وہ کہاں کہاں گیاتھا۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی پولیس کی کرائم برانچ کی ٹیم پہلوان سشیل کمار کا مقدمہ کی تحقیق کی ذمہ داری لینے کے بعد اب تیزی میں آگئی ہے ۔یادرہے کہ پیرکو نارتھ ویسٹ ضلع کے تحت ماڈل ٹاؤن پولیس اسٹیشن سے پہلوان ساگر دھنکھڑ کے قتل کی سنگینی کے پیش نظر یہ معاملہ کرائم برانچ کو منتقل کیا گیا تھا۔ مشرقی دہلی میں واقع شکر پورکرائم برانچ کی ٹیم اب اس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے ۔اس سے قبل دہلی پولیس کی کرائم برانچ کی پوچھ گچھ میں سشیل کمار نے کہا کہ وہ پہلوان ساگر دھنکھڑ کو صرف ڈرانا چاہتا تھا، لہذا اس کی پٹائی کی تھی۔ صرف یہی نہیں، ہتھیاربھی اسی وجہ سے لائے گئے تھے اوراس پورے واقعہ کا ویڈیو خوف پیداکرنے کے لئے بنوایا گیا تھا اگرچہ ساگر کو مارنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن جب اس کی موت کی اطلاع ملی تو میں بھاگ گیا اور 18 دن تک غائب رہا۔ اس کے بعد دہلی واپس آگیا۔دہلی پولیس کی کرائم برانچ کی ٹیم ان مقامات پر مسلسل سشیل سے واقعے کے بارے میں معلومات لیتی رہی اور یہ جاننے کی کوشش کرتی رہی کہ اس دن سشیل کے ساتھ اور کون کون موقع پرموجود تھا۔ دہلی پولیس کے پاس جو ویڈیو ثبوت آئے ہیں جس میں سشیل خود ڈنڈے مارتے ہوئے نظرآرہے ہیں۔ اس ویڈیو کو بھی دہلی پولیس نے وہاں پرتصدیق کرنے کی کوشش کی ۔ حالانکہ اس معاملے میں ایک دیگرملزم پرنس کے ذریعہ پولیس کو یہ معلومات حاصل ہوئی تھی کہ سشیل کمار کے کہنے پر ہی اس ویڈیو کوبنایا گیا تھا، جس سے دیگر پہلوانوں اور مقامی لوگوں کے درمیان سشیل اپنا دبدبہ اورخوف برقرار رکھ سکیں۔پولیس ذرائع کے مطابق، سشیل کمار نے گرفتاری کے بعد پوچھ گچھ اورتفتیش کے دوران دہلی پولیس کرائم برانچ کے سامنے چھترسال اسٹیڈیم میں ہونے کا اعتراف کیا اور کہا کہ یہاں پردوگروہوں کا جھگڑا ہورہا تھا اور میں صلح کروانے کے لئے یہاں پہنچاتھا، لیکن سشیل نے ماڈل ٹاون کے فلیٹ سے ساگر دھنکھڑ اورسونوکولانے کی بات قبول نہیں کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق جب پولیس ان جگہوں پر سشیل سے پوچھ گچھ کررہی تھی اس دوران سشیل کئی بار نروس ہورہاتھااور بار بار اپنے بیانات بدل رہا تھا۔ فی الحال سشیل اوراجئے کو لے کر دہلی پولیس کرائم برانچ کی ٹیم واپس شکر پورکرائم برانچ آفس آگئی اور سشیل سے مسلسل پوچھ گچھ جارہی ہے ۔