قتل کو قلب پر حملہ قرار دینے کا معمہ حل

   

آشنا کی مدد سے شوہر کو ہلاک کرنے والی بیوی گرفتار
حیدرآباد 19 مارچ (سیاست نیوز) میرپیٹ علاقہ میں پیش آئے قتل کی واردات میں ایک عورت نے آشنا کی مدد سے شوہر کا قتل کرکے اُسے قلب پر حملہ کی وجہ موت قرار دینے کی کوشش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ لکشمی کی شادی کچھ عرصہ قبل گوپی نامی شخص سے ہوئی تھی اور اُن کا تعلق یادادری ضلع سے بتایا گیا۔ شوہر بیوی میرپیٹ علاقہ کے الکاپوری کالونی میں مقیم تھے، اِس دوران لکشمی نے اُسی علاقہ کے ساکن خانگی کنٹراکٹر ویرا سوامی سے ناجائز تعلقات قائم کرلئے تھے۔ گوپی کو اِس بات کا پتہ چلنے پر دونوں کے درمیان آئے دن جھگڑا ہوا کرتا تھا اور دو دن قبل گوپی نے اپنی بیوی کو زدوکوب کیا تھا۔ لکشمی نے شوہر کی مارپیٹ کی اطلاع اپنے آشنا ویرا سوامی کو دی اور دونوں نے گوپی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔ قتل کو ہارٹ اٹیک سے موت واقع ہونے کا رنگ دینے کیلئے لکشمی نے اپنے شوہر کی نعش کو اُس کے آبائی مقام منتقل کیا جہاں پر گوپی کے باپ نے اُس کی نعش کو دیکھ کر شبہ ظاہر کیا اور فوری نعش کو لیکر میرپیٹ پولیس اسٹیشن پہونچ گیا۔ پولیس نے فوری ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور لکشمی کی تفتیش پر اُس نے اقبال جرم کرلیا۔