جلسہ حسن قرأت و جلسہ تعزیت، مولانا متین علی شاہ قادری اور دیگر علماء کا خطاب
حیدرآباد 17 اگست (راست ) مسلمان قرآن مجید کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرے۔ قرآن مجید کو سمجھنا سمجھانا اور اس پر عمل کرنا اور اس کی ہدایت پر عمل کرنے کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا الحاج قاری سید متین علی شاہ قادری (صدر ال انڈیا قرأت اکیڈمی )نے کل مسجد محمدی ریتی گلی قلعہ گولکنڈہ میں منعقدہ سالانہ جلسہ حسن قرات یاد مصباح القرا حضرت مولانا حافظ محمد عبداللہ قریشی الازہری سابقہ خطیب مکہ مسجد و نائب شیخ الجامعہ و حضرت سید نور علی شاہ قادری المعروف حیدر پاشاہ رحمت اللہ علیہ کے تعزیتی نشست کے کثیر اجتماع سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا متین علی شاہ نے کہا کہ قرآن مجید کو تجوید کے ساتھ پڑھے۔ قرآن مجید کو اس کے تجویدی قواعد و ضوابط کے ساتھ پڑھیں۔ انہوں نے قرآن مجید کی فضیلت پر نمایاں روشنی ڈالتے ہوئے حضرت مصباح القراء کی حالات زندگی و خدمات پر کہا کہ آپ کو قرآن پاک سے بے حد محبت تھی مخلوق کی خدمت آپ نے اپنے اوپر فرض سمجھ لیا تھا۔ آپ اپنے شاگردوں کو بڑی محبت و شفقت کی نظر سے دیکھتے تھے۔آپ کو قرآن پاک کی خدمت کا بڑا ذوق و شوق تھا۔ مولانا شاہ محمد تجمل احمد نظامی نے کہا بیت اللہ ، اللہ کا گھر ہے اور اس گھر کی قدر کرنا بے حد ضروری ہے۔ مساجد عبادت گاہیں ہیں اللہ کے گھرکا ادب کرنا ہر مسلمان پر واجب ہے۔ باادب با نصیب ہوتا اور بے ادب بد نصیب اللہ کی بارگاہ میں ادب ضروری ہے۔ نوجوان اپنی زندگی اچھے سے گزاریں عبادت قرآن پاک کی تلاوت زیادہ سے زیادہ کیا کریں۔ خدمت خلق عظیم عبادت ہے۔حقوق اللہ میں عبادت روزہ۔ حقوق العبادت میں خدمت خلق ہے۔ ہر بندے پر اللہ رب العزت کی رحمت برستی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو زور دیتے ہوئے کہا کہ جتنا ہو سکے مخلوق کی خدمت کیا کریں غریب و مسکین کی امداد کیا کریں۔ مصباح القرا اور نور ملت کی خدمات پر بھی انہوں نے روشنی ڈالی۔ مولانا طیب مومن نے حضرت حیدر پاشاہ صاحب قبلہ کی حالت زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ اعلی اخلاق کے پیکر تھے، ہمیشہ عوام کے ساتھ نرم گفتگو فرماتے۔ آپ نے تقریبا 63 سا ل خاموشی کے ساتھ بلامذہب و ملت مخلوق خدا کی خدمت میں اپنی زندگی بسر کی۔ آپ کا گھر انا نجیب الطرفین سیدا لسادات سے ہے۔آپ کے والد گرامی حسنی سادات اور آپ کے والدہ محترمہ حسینی سادا ت۔پہلی نشست میں جلسہ حسن قرأت کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں قاری سید نور محمد شاہ قادری، قاری احمد شاہ قادری، مولانا حافظ و قاری سید زین العابدین ملتان قادری، مولانا حافظ وقاری ملک محمد اسماعیل علی خان، حافظ وقاری محمد عبدالمعید جنیدی قادری، قاری شیخ ابراہیم قادری، حافظ وقاری محمد عبدالقادر آمری نے مخصوص انداز میں قرأت قرآن مجید سناکر سما باندھ دیا۔