قرآن پاک کی بیحرمتی ،او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب

   

مذہبی منافرت بڑھانے والے اقدامات پر روک لگانے پاکستان کا انتباہ
اسٹاک ہوم: سویڈش دارالحکومت اسٹاک ہوم میں قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے پر اسلامی تعاون تنظیم نے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) نے آئندہ ہفتہ جدہ میں ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں سویڈن میں قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ او آئی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اس گھناؤنے فعل کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے اور ضروری کارروائی کے بارے میں اجتماعی موقف کو بھی اپنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسٹاک ہوم کی سب سے بڑی مسجد کے سامنے سویڈن کی عدلیہ اور پولیس نے اسلام مخالف انتہا پسندوں کو قرآن پاک کے نسخے کو جلا کر شہید کرنے کی اجازت دی تھی جس کے بعد اسٹاک ہولم میں ایک عراقی نژاد سویڈش نے مقدس کتاب کے نسخے کو کو نذر آتش کرکے شہید کیا تھا۔ قرآن پاک کی بیحرمتی پر پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر مسلم اور غیر مسلم ممالک نے شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔مشرق وسطیٰ کے علاوہ دیگر ممالک نے اپنے سفیروں کو سویڈن سے واپس بلا لیا جبکہ پاکستان سمیت کچھ ممالک نے سویڈش سفیروں کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔اس سے قبل سویڈن میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ دائیں بازو کے سیاست دان راسموس پالوڈن کئی اجتماعات میں قرآن پاک کو شہید کرنے کی کوشش کر چکے ہیں۔ دوسری طرف بیشتر اسلامی ممالک نے اسٹاک ہوم کی ایک مسجد کے باہر قرآن کے اوراق نذر آتش کرنے کے واقعہ پر سخت تنقید کی ہے۔ پاکستان نے سویڈش حکومت سے کہا ہے کہ وہ معاشرہ میں مذہبی منافرت کو بڑھانے والے اقدامات کا تدارک کرے۔ ترکی، سعودی عرب، پاکستان، ایران، عراق اور مصر سمیت دنیا کے کئی مسلم ممالک نے اسٹاک ہولم میں قرآن کے اوراق نذر آتش کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے سویڈن میں رونما ہونے والے اس واقعہ پر اپنے رد عمل میں کہا کہ آزادی اظہار اور احتجاج کی اجازت کے بہانے سے تشدد پر اکسانے والے عمل کو کسی بھی طرح سے جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اسلام آباد کی طرف سے جاری بیان کے مطابق، عالمی قوانین کے تحت یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مذہبی منافرت کو ہوا دینے والے پر تشدد اقدامات کے تدارک کے لیے اقدام کرے۔