پس تم اپنے رب کی کن کن نعمتوں کو جھٹلاؤ گے۔ ان میں دو چشمے جوش سے اُبل رہے ہوں گے۔ پس تم اپنے رب کی کن کن نعمتوں کو جھٹلاؤ گے۔ ان میں میوے ہوں گے اور کھجوریں اور انار ہوں گے۔ پس تم اپنے رب کی کن کن نعمتوں کو جھٹلاؤ گے۔ ان میں اچھی سیرت والیاں اچھی صورت والیاں ہوں گی ۔ پس (اے جن وانس!) تم اپنے رب کی کن کن نعمتوں کو جھٹلاؤ گے۔ یہ حوریں، پردہ دار خیموں میں ۔ (سورۂ رحمن ۶۵۔۷۲)
ان میں بھی عورتیں ہوں گی۔ اخلاق کے اعتبار سے بھی بےمثال اور حسن وجمال میں بھی بےنظیر ۔ خَيْـرَاتٌ : یعنی جن کے اخلاق بہترین اور چہرے خوبصورت ہوں گے۔ حُوْرٌ جمع ہے۔ اس کا واحد حوراء ہے۔ یعنی جس کی آنکھ کا سیاہ حصہ بہت زیادہ سیاہ ہو اور سفید حصّہ بہت ہی زیادہ سفید ہو۔ مَّقْصُوْرَاتٌ فِى الْخِيَامِ فرما کر ان کے باحیا اور باشرم ہونے کا ذکر فرمادیا کہ وہ آوارہ پھرنے والیاں نہیں ہیں بلکہ اپنے اپنے خیموں میں جلو افروز رہتی ہیں۔ ان کے ظاہری اور باطنی حسن وجمال سے ان کے خیموں کا گوشہ گوشہ معطر اور منّور ہے ۔ ان کے گھر کی فضا خوشی اور مسرت سے معمور رہتی ہے۔