عیدگاہ گنبدان قطب شاہی میں خطیب و امام مولانا متین علی شاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : پاکی نصف ایمان ہے اسلام کی بنیاد پاکیزگی کی بنیاد پر رکھی گئی ہے ۔ اللہ تعالیٰ صفائی پسند بندوں کو محبوب رکھتا ہے ۔ قربانی کے بعد جانوروں کی نجاست و گندگی کو گھروں کے باہر اور سڑکوں پر پھینک دیتے ہیں اور کئی دنوں تک اس کی بدبو اور ضرر رساں اثرات باقی رہتے ہیں جو فطرت مسلمہ کے لیے قطعاً قابل قبول نہیں اور دوسرے مذاہب پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید متین علی شاہ قادری نے کل عیدگاہ گنبدان قطب شاہی میں عید الاضحی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قربانی تسلیم و رضا ، صبر و استقامت کا بے نظیر مظاہرہ ہے ۔ اعتراف بندگی اور پرہیزگاری قربانی کی حقیقی روح ہے ۔ تقویٰ ہی وہ عظیم جذبہ ہے جو زندگی کا حاصل اور تمام اسلامی عبادات کا جز ہے ۔ مولانا متین علی شاہ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حضرت ابراہیم ؑ کی سیرت کا مطالعہ کریں ۔ اور عامتہ المسلمین سے خواہش کی کہ غریبوں محتاجوں کا خاص خیال رکھیں ۔ ان کو ہرگز فراموش نہ کریں ۔ بارش کے باوجود نمازی کثیر تعداد میں تھے ۔ اس موقع پر عالم اسلام کی سربلندی اور مسجد اقصیٰ کے تقدس کی بحالی کے لیے اور کورونا وبا کے خاتمہ اور دیگر کے لیے بھی دعا کی گئی ۔ کوثر محی الدین کی نگرانی میں عزیز خان پٹھان ، شکیل علی خاں ، حبیب زین العابدین عابد ، بابر علی خاں ، الیاس اکبر ، امین پاشاہ اور دیگر نے برقی ، بلدی ، آبرسانی و محکمہ پولیس کے ساتھ دیگر انتظامات میں سرگرمی کے ساتھ لیا اور جناب وحید احمد ایڈوکیٹ رکن وقف بورڈ ، جناب فاروق عارفی وقف بورڈ بھی موجود تھے ۔۔