حیدرآباد۔22 ۔جولائی (راست) جامع مسجد محمدی ساؤتھ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں عیدالاضحی کی نماز سے قبل ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری نے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ آپس میں اتحاد و اتفاق کا ثبوت دیں، آپسی اختلافات کا خاتمہ کریں، آج انہیں اختلافات کی وجہ سے خاندان و گھریں تباہ و برباد ہورہے ہیں، عید کا دن ایسا مقدس دن ہے جس میں انسان کو خالق و مخلوق دونوں کا خیال رکھنا ضروری ہے جو قربانی کے ذریعہ پورا ہوتا ہے کیونکہ قربانی سے اخلاق اور محبت الٰہی نصیب ہوتی ہے جو مؤمنین کا خاصہ ہے، قربانی سے ایک عظیم نعمت تقویٰ حاصل ہوتا ہے جو کہ تمام عبادات کا مقصود اصل ہے ، قربانی محبت خدا وندی کا عظیم الشان مظہر ہے۔