قرض داروںکی ہراسانی سے تنگ سرکاری مدرس کی خودکشی

   

مقامی قائدین ‘پولیس اہلکاروں کی جانب سے بھی تذلیل ‘خودکشی سے قبل ویڈیو ریکارڈ میںالزام

میدک، 20/ جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع میدک کے حویلی گھنپور منڈل کے موضع سردھنہ کے ایک سرکاری اسکول کے ٹیچر کی خودکشی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ 52 سالہ سرکاری اسکول ٹیچر کامنی رمیش جورئیل اسٹیٹ کے کاروبار میں مقروض ہوچکا تھاقرض داروں کی مبینہ طور پر ہراسانی سے تنگ آ کر میڑچل کی ایک لاج میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ اس واقعہ سے مقامی عوام میں شدید افسوس اور غم کی لہر دوڑ گئی۔خودکشی سے قبل رمیش نے ایک ویڈیو ریکارڈ کیا، جس میں اس نے الزام لگایا کہ قرض دار مسلسل ذہنی طور پر ہراساں کر رہے تھے اور عدالت میں مقدمات بھی دائر کردئیے تھے اس نے قرض کی ادائیگی کے لئے اپنا گھر اور زمین بھی فروخت کردیا تھا۔ اس ویڈیو میں اس نے مقامی قائدین، ٹیچرس اور پولیس اہلکاروں کا بھی ذکر کیا، جنہوں نے مبینہ طور پر اس کی تذلیل کی اور اس کی زندگی اجیرن بنائی۔ذرائع کے مطابق کامنی رمیش ایک سنجیدہ، نرم مزاج اور مقبول استاد تھا، جو کئی برسوں سے سردھنہ اسکول میں خدمات انجام دے رہا تھا۔ اس کے خلاف درج جھوٹے مقدمات اور مسلسل ہراسانی سے دل برداشتہ ہوکر اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔متوفی کی بیوی اور خاندان والوں نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل کی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے اور ویڈیو میں ذکر کیے گئے افراد سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔عوامی، تعلیمی اور سماجی حلقوں نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور سرکاری ملازمین کی عزت و وقار کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔