قرنطینہ کے مہر کے باوجود سفر‘ چار نوجوان زیر حراست

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/22 مارچ، ( سیاست نیوز) کورونا وائرس کے پیش نظر جی ایچ ایم سی اور میڈیکل ہیلت ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کئے جارہے احتیاطی اقدامات اور بیرونی ممالک سے شہر لوٹنے والے افراد کو ہوم کورنٹائن میں رہنے کی ہدایت کے باوجود اس کی خلاف ورزی کرنے والے 4 نوجوانوں کو افضل گنج پولیس نے اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن پر سفر کرنے کیلئے پہنچے تھے۔ ہوم کورنٹائن ٹھپہ کو دیکھنے کے بعد افضل گنج پولیس عملہ جنہیں املی بن بس اسٹیشن پر تعینات کیا گیا ہے نے دیکھ کر انہیں فوری حراست میں لے لیا اور انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ پولیس نے نوجوانوں کو بذریعہ امبولینس سرکاری دواخانہ منتقل کیا جہاں پر انہیں مقررہ وقت تک دواخانہ میں رکھا جائے گا۔واضح رہے کہ ہوم کورنٹائن کا ٹھپہ ہونے کے باوجود ٹرین میں سفر کرنے والے 5 افراد کے خلاف بھی سکندرآباد ریلوے پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعات اور اشیائے ضروریہ ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا ہے۔