قضاۃ سیکشن کی کارکردگی بہتر بنانے کئی ملازمین کا تبادلہ

   

سی ای او وقف بورڈ شاہنواز قاسم کی کارروائی ، سرگرمیوں پر کڑی نظر
حیدرآباد۔11 ۔ فروری (سیاست نیوز) چیف اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے وقف بورڈ میں کرپشن اور بے قاعدگیوں کے خاتمہ پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ قضاۃ سیکشن میں درمیانی افراد کے رول اور ملازمین کی ملی بھگت سے زائد فیس وصول کرنے کی شکایات پر شاہنواز قاسم نے ایک ہفتہ میں اسسٹنٹ سکریٹری کے بشمول چار ملازمین کا تبادلہ کردیا۔ شاہنواز قاسم نے قضاۃ سیکشن کی سرگرمیوں کے بارے میں عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی اور فوری اثر کے ساتھ سیکشن کے انچارج اسسٹنٹ سکریٹری کا تبادلہ کردیا گیا۔ اس تبادلہ کے باوجود صورتحال میں کوئی خاص تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔ درمیانی افراد کی جانب سے بڑی تعداد میں درخواستیں داخل کرنے کی اطلاع ملنے پر شاہنواز قاسم نے ڈائرکٹوریٹ آف میناریٹی ویلفیر کے عہدیداروں سے خفیہ رپورٹ طلب کی ۔ انہیں بتایا گیا کہ ملازمین کی ملی بھگت کے نتیجہ میں بروکرس کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ شاہنواز قاسم نے جونیئر اسسٹنٹ اور ڈیلی ویجس پر کام کرنے والے دو ملازمین کا تبادلہ کردیا۔ انہوں نے سیکشن پر نظر رکھنے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔ قضاۃ سیکشن میں نوٹس لگائی گئی کہ ہر شخص صرف ایک سرٹیفکٹ کی درخواست داخل کرسکتا ہے۔ کسی بھی شکایت یا تجاویز کے سلسلہ میں فون نمبر 7995560138 سے ربط پیدا کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ شاہنواز قاسم کے مطابق قضاۃ سیکشن کی سرگرمیوں کے بارے میں انہیں مسلسل شکایت موصول ہورہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اور عہدیداروں کے واٹس ایپ گروپ میں صاف طور پر پیام دیا گیا ہے کہ دیگر کسی بھی سیکشن سے تعلق رکھنے والے ملازمین اگر قضاۃ سیکشن میں دکھائی دیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ الزامات سنگین ہونے پر ملازمت سے برطرف کیا جاسکتا ہے۔ر