قطرکیخلاف 36 کروڑڈالرہرجانہ:اسرائیلی تنظیم

   

یروشلم : اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل کی انتہا پسند تنظیم شوارٹ ھدین نے قطر کے خلاف ایک ارب 20 کروڑ شیکل کی رقم کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے جبکہ امریکی کرنسی میں یہ رقم 36 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی ایک عدالت میں دائر کردہ دعوے میں قطری حکومت، قطر کے بنکوں اور ایک درجن کے قریب فلاحی اداروں کو شامل کیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ یہ ادارے فلسطینی تنظیموں اسلامی تحریک مزاحمت حماس اور اسلامی جہاد کو رقوم فراہم کرنے میں مدد کررہے ہیں۔عدالت میں دائر کردہ ہرجانے کے دعوے میں مدعی یہودی گروپ نے مطالبہ کیا ہے کہ قطر کی ایک مقامی تنظیم کی طرف سے حماس یا اس کے رہنماؤں کو منتقل کی جانے والی رقم ضبط کرنے کا حکم دے۔دوسری جانب عدالت اس کے علاوہ خلیجی ممالک کے بنکوں سے بھی حماس کو منتقل کی جانے والی رقوم قبضے میں لینے کے احکامات صادر کرے جبکہ یہودی گروپ کا کہنا ہے کہ زیر حراست فلسطینیوں نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ قطر کی طرف سے حماس کو خطیر رقم فراہم کی جاتی ہے۔