کابل۔ امریکہ کے مکمل انخلاء کے بعد 31 اگست سے بند افغانستان کا فضائی آپریشن آج بروز جمعہ بحال ہونے کی توقع ہے۔ اس سلسلے میں قطر ایئر فورس کا طیارہ اور ٹیکنیکل ٹیم گزشتہ دو روز سے کابل میں موجود ہے جبکہ قطر ایئر فورس کی ایک اور خصوصی پرواز گزشتہ شام افغان دارالحکومت کابل پہنچی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق قطر سے مزید ماہرین کو کابل چھوڑ کر یہ پرواز واپس چلی گئی۔ ذرائع کے مطابق قطر اور ترکی کے ایوی ایشن کے ماہرین کابل ایئرپورٹ کے فضائل ٹریفک کنٹرول سروس کو بحال کر رہے ہیں۔جمعہ کی دوپہر ابوظہبی سے بھی خصوصی طیارہ اور ترکش ایئر فورس کی پرواز بھی کابل پہنچی ہے۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائٹ نمبر کے جی بی 4941 مقامی وقت کے مطابق 12:48 بجے کابل لینڈ کرگئی، متحدہ عرب امارات سے کابل پہنچنے والے طیارے نے پاکستانی فضائی حدود استعمال کی، یہ طیارہ پاراچنار سے افغانستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق خصوصی پرواز میں بھی ایوی ایشن ماہرین کے کابل پہنچنے کی اطلاع ہے۔ دریں اثناء ترکش ایئر فورس کی ایک پرواز بھی ٹی یو اے ایف 740 افغانستان پہنچی ہے۔