قطر فٹبال ورلڈ کپ میں ڈنمارک کی احتجاجی جرسی

   

ڈنمارک : قطر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر احتجاج کے لیے ڈنمارک نے فٹبال ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کے لیے ایک سیاہ جرسی بھی تیار کی ہے۔ قطر نے اس پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔کھیلوں کے لیے خصوصی ملبوسات تیار کرنے والی ڈنمارک کی معروف کمپنی ھامل نے بدھ کے روز کہا کہ ڈنمارک کی قومی فٹبال ٹیم قطر میں انسانی حقوق کے مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف بطور احتجاج، رواں برس کے ورلڈ کپ کے دوران، ”ٹونڈ ڈاؤن” یعنی پھیکے رنگ کی جرسی بھی پہنے گی۔ھامل نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر دو تصاویر پوسٹ کی ہیں۔ ان میں سب سے پہلے ڈنمارک کے روایتی سرخ رنگ کی سادہ جرسی شامل ہے، جس میں کمپنی اور ڈینش فیڈریشن کا لوگو بھی بمشکل ہی نظر آتا ہے۔ اس پروڈ کٹ بنانے والی کمپنی کا اپنا مخصوص نشان بھی کم ہی دکھائی دے رہا ہے۔ ساتھ ہی کمپنی نے یہ بھی کہا ہے کہ اس نے ڈنمارک کی ٹیم کے لیے سیاہ رنگ کی ایک تیسری جرسی بھی متعارف کی ہے، جسے ”سوگ کا رنگ” کہا جاتا ہے۔ھامل نے اس حوالے سے انسٹا گرام پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا، ”سیاہ ماتمی رنگ، رواں برس کے ورلڈ کپ کے لیے ڈنمارک کی تیسری شرٹ کا بہترین رنگ ہے۔ ہم ڈنمارک کی قومی ٹیم کو ہر طرح سے سپورٹ کرتے ہیں، تاہم اس کا مطلب اس ٹورنامنٹ کی حمایت بھی نہیں ہے ، جس کے لیے ہزاروں لوگوں کی جانیں ضائع ہوئی ہوں۔
”اس کا مزید کہنا تھا، ”ہم قطر کے انسانی حقوق کے ریکارڈ اور ان مہاجر کارکنان کے ساتھ اس کے سلوک کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرنا چاہتے ہیں، جنہوں نے ملک میں ورلڈ کپ کے لیے اسٹیڈیم تعمیر کیے ہیں۔