تین ماہ سے تنخواہ سے محروم، وزیر خارجہ سے تلنگانہ تنظیموں کی نمائندگی
حیدرآباد ۔12۔ جون (سیاست نیوز) قطر میں پھنسے ہوئے تلنگانہ ورکرس اور دیگر افراد نے وطن واپسی کیلئے خصوصی فلائیٹس کا انتظام کرنے کی اپیل کی ہے۔ قطر کی تنظیموں تلنگانہ پرجا سمیتی ،تلنگانہ جاگرتی قطر اور تلنگانہ گلف سمیتی کے ذمہ داروں نے حکومت تلنگانہ کو اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کیا ہے۔ تلنگانہ جاگرتی کے صدر اے نندنی ، پرجا سمیتی کے صدر سی ایچ تروپتی اور تلنگانہ گلف سمیتی قطر کے جنرل سکریٹری بی پریم کمار نے نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ قطر سے ہندوستانیوں کی وطن واپسی کے لئے وندے بھارت مشن کے تحت ابھی تک صرف ایک فلائیٹ کا انتظام کیا گیا جس کے ذریعہ 183 افراد وطن واپس ہوئے ۔ قطر میں 17,000 سے زائد ہندوستانی ہیں اور 3,500 افراد نے فوری واپسی کیلئے اپنے نام رجسٹر کروائے ہیں۔ مختلف عوارض کا شکار افراد ، حاملہ خواتین اور ویزا کی تکمیل والے افراد واپسی کے منتظر ہیں۔ کئی ورکرس ہیں جو لاک ڈاؤن کے سبب روزگار سے محروم ہوگئے اور تین ماہ کی تنخواہ کے بغیر قیام کر رہے ہیں۔ انہیں روز مرہ کی ضرورتوں کی تکمیل میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔ ہندوستانی تنظیموں کی جانب سے کسی قدر مدد کی جارہی ہے ۔ حکومت ہند کو چاہئے کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے دوحہ تا حیدرآباد پروازوں کا انتظام کریں۔ ہندوستانی تنظیمیں دن رات امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن واپسی پر وہ حکومت کے قواعد کے مطابق کورونٹائن کیلئے تیار ہیں۔ ہندوستانی تنظیموں نے دوحہ تا قطر فلائیٹس کے انتظام کیلئے مرکزی حکومت اور وزارت شہری ہوا بازی سے نمائندگی کی خواہش کی ہے۔ قطر کی تنظیموں کی نمائندگی کے بعد نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ونود کمار نے وزیر خارجہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حیدرآباد کے لئے زائد فلائیٹ کا انتظام کرنے کی اپیل کی ۔ وزیر خارجہ جئے شنکر کے علاوہ دیگر متعلقہ وزارتوں سے بھی نمائندگی کی گئی ہے۔
