قطر پاکستان کو 2 ارب ڈالر امداد دینے پر آمادہ

   

دوحہ: خلیجی ملک قطر نے پاکستان کی مالیاتی قلت اور اس کے نتیجے میں ڈیفالٹ کے خطرے کو دور کرنے کے لیے 2 ارب ڈالر کی امداد فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کردی، ایک سال کے دوران فنڈز ملنے کی توقع ہے۔ بلومبرگ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے قائم مقام گورنر مرتضیٰ سید کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بھی پاکستان کی تیل کی صنعت میں 1 ارب ڈالر کا حصہ ڈالیں گے جب کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے دورہ دوحہ کے دوران قطر کی جانب سے مالی امداد ملنے کا امکان ہے، یہ بھی ہوسکتا ہے اس کا اعلان بعد میں کیا جائے تاہم ایک سال کے دوران فنڈز ملنے کی توقع ہے۔دوحہ نیوز کے مطابق یہ وعدے 29 اگست کو ہونے والے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) کے بورڈ کے اجلاس سے پہلے کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں 1.2 ارب ڈالر کی فنانسنگ جاری ہو سکتی ہے، عرب ممالک نے آئی ایم ایف پروگرام حاصل کرنے کے بعد ہی پاکستان کی حمایت کا عہد کیا جب کہ واشنگٹن میں مقیم قرض دہندہ اس معاملے پر سعودی عرب کی جانب سے یقین دہانی کا خواہاں ہے۔