قطر کا ایران کی مدد سے شام کی فضائی حدود کا استعمال

   

دوحہ ۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) قطر نے چار عرب ممالک کی طرف سے اپنی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی کے بعد ایران کی مدد سے شام کی فضائی حدود کے استعمال کا اعتراف کیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شام کی طرف سے فضائی روٹ قطر کو دور ہونے کی وجہ سے کافی مہنگا پڑتا ہے جب کہ قطری فضائی کمپنی مسلسل دوسرے سال خسارے کا سامنا کررہی ہے۔حال ہی میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ قطر نے شام کی فضائی حدود استعمال کرنا شروع کردی ہیں۔ اب دوحہ کی طرف سے سرکاری طور پر کہا گیا ہے کہ وہ چار عرب ممالک کے 2017ء سے جاری بائیکاٹ کے بعد شام کی فضائی حدود کے استعمال پر مجبور ہوا ہے۔مبصرین کا خیال ہے کہ قطر نے شام کی فضائی حدود کے استعمال کا فیصلہ ایران کی ہدایت پر کیا ہے۔ ایران ایک بار پھر شامی حکومت اور قطری حکومت کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے سرگرم ہے۔ اگرچہ شام کی فضائی حدود کے استعمال کا قطری فضائی کمپنیوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔ اس اقدام کا اصل مقصد دمشق اور دوحہ کے درمیان ایرانی سرپرستی میں پرانی دوستی بحال کرنا ہے۔ایران اس سے قبل بھی بار بار کئی مواقع پر قطر اور دمشق کے درمیان رابطے بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیتا رہا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ شام کی تعمیر نو میں قطر اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔