حیدرآباد۔ 13 نومبر (سیاست نیوز) قلعہ گولکنڈہ کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے، سیاحوں کو تاریخی مقامات سے واقف کرانے اور ان کی بہ آسانی ایک مقام سے دوسرے مقام تک رسائی کے لئے ’’روپ وے‘‘ تعمیر کرنے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ محکمہ سیاحت کے منیجنگ ڈائرکٹر پرکاش ریڈی نے ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں اور تکنیکی ماہرین کے ساتھ قلعہ گولکنڈہ پہنچ کر روپ وے کی تعمیر اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔ مرکزی محکمہ آثار قدیمہ قلعہ گولکنڈہ کی نگرانی کررہا ہے۔ تلنگانہ حکومت قلعہ گولکنڈہ کا مشاہدہ کرنے کے لئے پہنچنے والے سیاحوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ قلعہ گولکنڈہ کی اپنی منفرد پہنچان ہے جس کو دیکھنے کے لئے ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں سیاح آرہے ہیں۔ گولکنڈہ کے بالائی حصے میں ایک سے زائد قدیم محلات، شاہی رہائش گاہیں، فوجی اڈے، اسلحہ خانے، مساجد، غلے جات اور گھوڑوں کے اصطبل آج بھی دیکھنے والوں کو حیران کرتے ہیں۔ قلعہ کے پل، دروازے، مزدوروں کو دیکھنے کے لئے تقریباً 380 پتھر کی سیڑھیاں چڑکر اوپر پنہچنا پڑتا ہے۔ جس سے ضعیف اور دوسرے سیاحوں کے لئے دشواریاں پیش آرہی ہیں اور کئی سیاح اوپر چڑھے بغیر مایوس لوٹ رہے ہیں کیونکہ وہ پیدل سیڑھیاں نہیں چڑھ سکتے جس کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ سیاحت نے روپ وے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ سیاحت کے مینیجنگ ڈائرکٹر پرکاش ریڈی نے ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں کے علاوہ تکنیکی ماہرین کے ساتھ پہنچ کر قلعہ گولکنڈہ اور گنبدان قطب شاہی کے مختلف علاقوں کا معائنہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کے محکمہ سیاحت نے مرکزی حکومت کے تعاون سے قلعہ بھونگیر پر روپ وے تعمیر کا آغاز کیا ہے۔ 2